جنیوا:(پاک ترک نیوز)سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا کے قریب واقع مشہوراسکئی ریزورٹ ٹاؤن کران مونٹانا میں زوردار دھماکا ہوا ہے، جس میں کئی افراد کی ہلاکت اور زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ دھماکا ایک بار میں ہوا۔ جنوب مغربی سوئٹزرلینڈ میں پولیس ترجمان گیٹن لاتھیون نے اے ایف پی کو بتایا کہ دھماکے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ ترجمان کے مطابق یہ دھماکا مقامی وقت کے مطابق رات تقریباً ایک بج کر 30 منٹ پر ہوا جہاں لوگ نئے سال کا جشن منا رہے تھے۔
کرانزمونٹانا ایک لگژری اسکئی ریزورٹ ٹاؤن ہے جو سوئس الپس کے دل میں واقع ہے، اور سوئس دارالحکومت برن سے تقریبا دو گھنٹے کی دوری پر ہے۔ جنوری کے آخر میں ریزورٹ میں ایک سپیڈ سکیئنگ ایونٹ ’ ایف آئی ایس ورلڈ کپ‘ بھی منعقد ہونے والا ہے۔
دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
سوئس پولیس نے متاثرہ افراد کے خاندانوں کے لیے ہیلپ لائن قائم کی گئی ہے۔ دھماکے کی نوعیت اور وجوہات سے متعلق کوئی حتمی بیان جاری نہیں کیا گیا، تاہم ابتدائی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غیر مصدقہ فوٹیج میں ایک بار میں آگ لگی دکھائی دے رہی ہے جہاں نئے سال کی شام کی تقریبات ہو رہی تھیں۔











