اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) شنگھائی تعاون تنظیم کے قومی رابطہ کاروں کی کونسل کا پہلا اجلاس اسلام آباد میں پاکستان کی زیرِ صدارت شروع ہوگیا۔نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شنگھائی تعاون تنظیم کے قومی رابطہ کاروں، تنظیم کے سیکریٹریٹ اور علاقائی انسداد دہشت گردی کے ڈھانچے کے اعلیٰ نمائندوں کا خیرمقدم کیا۔اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان شنگھائی اسپرٹ کے تحت کھلی، جامع اور تعمیری صدارت کے عزم پر قائم ہے۔ اس شنگھائی اسپرٹ کی بنیاد باہمی اعتماد، باہمی مفاد، مساوات، مشاورت اور مشترکہ ترقی پر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکہ نے ایران اور روس پر نئی پابندیاں عائد کردیں
نائب وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستان کی شنگھائی تعاون تنظیم کی صدارت کا موضوع ’’تصور کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنا: رابطہ کاری، جدت اور مشترکہ خوشحالی‘‘ ہے۔انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم کے مشترکہ وژن کو عملی تعاون اور ٹھوس نتائج میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ رکن ممالک کے درمیان قریبی رابطہ کاری تنظیم کے مقاصد کے حصول کے لیے اہم ہے۔اسحاق ڈار نے 2027 میں اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ مملکت کی کونسل کے اجلاس کی میزبانی کے لیے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی تیاریوں سے بھی شرکا کو آگاہ کیا۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان قریبی رابطہ کاری، باہمی تعاون اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔












