لاہور( پاک ترک نیوز) ملک بھر میں سرورِ کونین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادتِ باسعادت کے جشن کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں، گلی محلوں، بازاروں، مساجد اور سرکاری و نجی عمارتوں کو سبز جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجا دیا گیا۔عید میلادالنبی ﷺ کل مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی، اس موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی، جبکہ سیرت النبی ﷺ کے موضوع پر سیمینارز، کانفرنسز اور محافلِ نعت کا انعقاد کیا جائے گا۔
عید میلادالنبی ﷺ کی مناسبت سے آج رات ملک بھر کی مساجد میں میلاد، درود و سلام اور نعت خوانی کی محافل منعقد ہوں گی، جہاں علماء کرام نبی کریم ﷺ کی سیرتِ طیبہ اور تعلیمات پر روشنی ڈالیں گے۔آمدِ مصطفیٰ ﷺ کی خوشی میں مختلف شہروں کی اہم شاہراہوں، بازاروں اور گلیوں میں محرابیں اور آرائشی دروازے بھی نصب کیے گئے ہیں، جبکہ عاشقانِ رسول ﷺ نے خانہ کعبہ اور مسجد نبوی ﷺ کے خوبصورت ماڈلز بھی تیار کیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عید میلاد النبی ﷺ پر 26 اگست کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان
لاہور سمیت ملک بھر میں جشنِ عید میلادالنبی ﷺ کے سلسلے میں جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی، جن کے شرکاء راستے بھر درود و سلام کا ورد کریں گے، جبکہ مختلف مقامات پر نیاز بھی تقسیم کی جائے گی۔علماء کرام کا کہنا ہے کہ نبی کریم ﷺ سے محبت کا تقاضا صرف ذکر اور عقیدت کا اظہار نہیں بلکہ آپ ﷺ کی سیرتِ طیبہ اور تعلیمات پر عمل کرنا بھی ہے۔







