ریاض ( پاک ترک نیوز) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض اور شہر خمیس مشیط کی جانب حوثیوں کے داغے گئے بیلسٹک میزائل حملے ناکام بنا دیے گئے۔سعودی اتحادی افواج کے ترجمان ترکی المالکی کے مطابق دونوں شہروں کی جانب آنے والے بیلسٹک میزائل فضا میں ہی تباہ کردیے گئے، حملوں میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ترجمان کا کہنا ہے کہ اتحادی افواج مکمل طور پر چوکس ہیں، جبکہ حوثیوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کردی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بادلوں کی انٹری، کئی علاقوں میں بارش
سعودی بحری افواج نے الحدیدہ گورنریٹ میں بھی کارروائی کرتے ہوئے آبی گزرگاہوں پر حملوں کی منصوبہ بندی ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔دوسری جانب مکہ دفاعی اتحاد کے ہنگامی اجلاس میں پاکستان اور ترکی کے فوجی دستوں کی سعودی عرب میں فوری تعیناتی کے فیصلے کے بعد صعدہ میں حوثیوں کا میزائل ڈپو بھی تباہ کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔یمن میں سرکاری فوج کی حوثیوں کے خلاف پیش قدمی بھی جاری ہے۔ باب المندب کے بعد ذباب بندرگاہ، ہوائی اڈے اور المخا شہر کو حوثیوں سے آزاد کرانے کا دعویٰ کیا گیا ہے، جبکہ تعز میں 250 سے زائد حوثیوں کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔












