لاہور: (پاک ترک نیوز) پاکستان کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف ممکنہ طور پر آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے 15 رکنی اسکواڈ میں شامل نہیں ہوں گے، جو 7 فروری سے 8 مارچ تک بھارت اور سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق کوچ مائیک ہیسن نے گزشتہ سال کے ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں بھارت کے خلاف حارث رؤف کی کارکردگی کے بعد ان کےٹیم میں شامل ہونے کی مخالفت کی۔ اس میچ میں پاکستان نے 147 رنز بنائے ،یہ ہدف انڈیا نے باآسانی حاصل کر لیا تھا۔ جبکہ حارث رؤف نے 3.4 اوورز میں 50 رنز دے کر کوئی وکٹ حاصل نہیں کی تھی ۔
حارث رؤف نے 94 ٹی20 بین الاقوامی میچز میں 133 وکٹیں حاصل کی ہیں اور اس وقت آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں میلبورن اسٹارز کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے ابتدائی طور پر کھلاڑیوں کی فہرست آئی سی سی کو بھیجی ہے، تاہم 31 جنوری تک اس میں تبدیلی کی اجازت ہے۔
ممکنہ کھلاڑیوں میں کپتان سلمان علی آغا، فخر زمان، بابر اعظم، شاداب خان، صاحبزادہ زادہ فرحان، صائم ایوب، فہیم اشرف، محمد نواز، عثمان خان اور ابرار احمد شامل ہیں۔
دیگر زیر غور کھلاڑیوں میں شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، سلمان مرزا اور خواجہ نافع شامل ہیں جبکہ عبدالصمد، محمد وسیم جونیئر اور عثمان طارق ریزرو کھلاڑی ہو سکتے ہیں۔
پاکستان کا گروپ اے میں بھارت، امریکہ، نیدرلینڈز اور نمیبیا کے ساتھ ٹائٹل کے لیے سفر شروع ہوگا۔ قومی ٹیم 7 فروری کو کولمبو میں نیدرلینڈز کے خلاف اپنا پہلا میچ کھیلے گی، اس کے بعد 10 فروری کو امریکہ، 15 فروری کو بھارت اور 18 فروری کو نمیبیا کے خلاف مدمقابل ہوگی۔ تمام گروپ میچز سری لنکا میں کولمبو اور سپر ایٹ میچز کولمبو اور کینڈی میں ہوں گے۔












