ریاض( پاک ترک نیوز)اسلامی تعاون تنظیم نے رکن ملکوں میں سائبر سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لئے سائبر سیکیورٹی وزراء کونسل کے قیام کی منظوری دی ہے۔ اس کونسل کا جنرل سیکریٹریٹ اور ایگزیکٹو آفس ریاض میں قائم کیا جائے گا۔
یہ فیصلہ تنظیم کے رکن ممالک کی کونسل آف فارن منسٹرز نے اپنے 52 ویں اجلاس کے دوران سعودی عرب کی جانب سے پیش کردہ تجاویز کی بنیاد پر کیا ہے۔اس نئیکونسل کے قیام کا مقصد رکن ملکوں میں سائبر سکیورٹی کو مضبوط بنانا۔ ان کے حیاتیاتی مفادات اور قومی سلامتی کی حفاظت کرنا۔ باہمی تعاون کو فروغ دینا اور سائبر سکیورٹی سے متعلق بین الاقوامی تنظیموں میں رکن ممالک کے مفادات کے تحفظ کی کوششوں کو مربوط بنانا ہے۔
اس فیصلے کے تحت یہ کونسل اسلامی تعاون تنظیم کے تحت ایک ذیلی ادارہ اور تنظیم کی چھتری تلے سائبر سکیورٹی سے متعلق موضوعات کا احاطہ کرے گی۔ اس میں رکن ممالک کی سائبر سکیورٹی سے متعلقہ باڈیز شامل ہوں گی اور اس کے جنرل سیکریٹریٹ اور ایگزیکٹو آفس کی صدارت میزبان ملک سعودی عرب کرے گا۔
سعودی عرب کی نیشنل سائبر سکیورٹی اتھارٹی کے گورنر انجینئر ماجد بن محمد المزید نے وضاحت کی کہ یہ اقدام عالمی سطح پر سائبر خطرات میں اضافےکے پیش نظر رکن ممالککو درپیش خطرات کے تناظر میں کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ملتان: پندرہ سالہ وسیم کو گاڑی تلے کچل کر ہلاک کرنے والے ملزم کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظور۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ درپیش چیلنجز تنظیم کے ممالک میں سائبر سکیورٹی کو تقویت دینے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہیں۔ سائبر سکیورٹی معیشتوں کی نمو اور معاشروں کی خوشحالی کے لیے ایک بنیادی عنصر اور بین الاقوامی امن و امان کے تحفظ کے نظام کا ایک ستون ہے۔ انہوں نے یاد دہانی کرائی کہ اسلامی تعاون تنظیم 57 رکن ممالک پر مشتمل ہے اور یہ اقوام متحدہ کے بعد دوسری بڑی بین الاقوامی حکومتی تنظیم ہے۔






