ملتان(پاک ترک نیوز)ملتان میں پندرہ سالہ وسیم کو گاڑی تلے کچل کر ہلاک کرنے کے مقدمے میں عدالت نے ملزم توقیر عباس کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت میں پیشی کے دوران وکلا نے ملزم کو تشدد کا نشانہ بنایا اور تھپڑ مارے۔
پندرہ سالہ وسیم ملزم توقیر عباس سے بجلی کا کام سیکھ رہا تھا۔ ملزم کا کہنا ہے کہ لڑکا کام سے بھاگ جاتا تھا۔
ادھر مظفرگڑھ میں رات گئے مقتول وسیم کی نماز جنازہ ادا کی گئی، جس کے بعد اسے آہوں اور سسکیوں میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ وسیم کے اہل خانہ غم سے نڈھال ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں گورنر راج مجبوری میں لگایا گیا، حمایت جاری رکھیں گے، دانیال چودھری
مقتول کے نانا نے بتایا کہ وسیم بہت شریف بچہ تھا۔ اس کے چچا کے مطابق وسیم کی والدہ، ایک چھوٹا بھائی اور ایک چھوٹی بہن ہے۔ وسیم تقریباً ساڑھے پانچ سال سے یتیم خانے میں رہائش پذیر تھا۔






