لاہور(پاک ترک نیوز ) پاکستان سپر لیگ کے بارہویں ایڈیشن کی تیاریاں شروع ہوگئیں، پی ایس ایل 12 کا انعقاد 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک ہوگا۔ لیگ مسلسل دوسری مرتبہ آٹھ ٹیموں کے ساتھ کھیلی جائے گی۔پی ایس ایل گورننگ کونسل اور فرنچائزز کے درمیان مشاورت کے بعد ایونٹ کی ونڈو حتمی کرلی گئی ہے۔ گورننگ کونسل کا اجلاس یکم ستمبر کو لندن میں ہوا تھا، جس میں تمام آٹھ فرنچائزز کے مالکان اور نمائندوں نے شرکت کی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل 11 نے دنیا کے سامنے پاکستانی لیگ کی صلاحیت ثابت کی، ایونٹ میں سنسنی خیز لمحات کے ساتھ ریکارڈ تعداد میں شائقین بھی میدانوں میں پہنچے۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب کے2ہوائی اڈوں پر حملے، 3 افراد ہلاک، 30 سے زائد زخمی
محسن نقوی کے مطابق پی ایس ایل 11 نے نشریات کے حوالے سے بھی نئے ریکارڈ قائم کیے، اور بورڈ ایک اور شاندار پی ایس ایل سیزن کے انعقاد کے لیے پُرعزم ہے۔پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر نے کہا کہ 2027 میں شائقین کی توقعات پر پورا اترنے کا عزم ہے، پی ایس ایل 12 کی ونڈو کا اعلان صرف پہلا قدم ہے۔سلمان نصیر کا کہنا تھا کہ آٹھوں ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے پہلے سے زیادہ پرعزم ہوں گی جبکہ پاکستان سمیت دنیا بھر کے لاکھوں شائقین پی ایس ایل 12 کے منتظر ہیں۔ ان کے مطابق لیگ میں نئے دور کا آغاز ہوچکا ہے۔پی ایس ایل 11 میں پہلی مرتبہ کھلاڑیوں کے انتخاب کے لیے ڈرافٹ کے بجائے نیلامی کا نظام متعارف کرایا گیا تھا، جبکہ فائنل میں قذافی اسٹیڈیم میں 32 ہزار 461 تماشائیوں کی ریکارڈ شرکت ہوئی۔پشاور زلمی نے پی ایس ایل 11 کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ پشاور زلمی نے فائنل میں حیدرآباد کنگزمن کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر نو سال بعد ٹائٹل جیتا تھا۔پی ایس ایل 12 کے براہ راست معاہدوں کا اعلان آئندہ کیا جائے گا، جبکہ کھلاڑیوں کی نیلامی، مکمل شیڈول، میدانوں اور ٹکٹوں سے متعلق تفصیلات بھی بعد میں جاری کی جائیں گی۔












