لاہور( پاک ترک نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹرز کو کیریبین پریمیئر لیگ میں شرکت کے لیے 19 اگست سے این او سی جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اگرچہ کیریبین پریمیئر لیگ کا آغاز آج سے ہو رہا ہے اور ٹورنامنٹ کا فائنل 20 ستمبر کو کھیلا جائے گا، تاہم قومی کھلاڑیوں کو این او سی نیشنل چیمپئنز کپ میں شرکت کے باعث 19 اگست سے ملیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل چیمپئنز کپ 11 سے 18 اگست تک ملتان میں کھیلا جائے گا، جس میں متعدد قومی کرکٹرز مختلف ٹیموں کی نمائندگی کریں گے۔
سی پی ایل میں پاکستان کے جن کھلاڑیوں کے معاہدے ہیں، ان میں صائم ایوب، شاداب خان، عثمان خان، معاذ صداقت، نسیم شاہ اور سفیان مقیم شامل ہیں۔ یہ تمام کرکٹرز نیشنل چیمپئنز کپ میں بھی مختلف ٹیموں کا حصہ ہوں گے، اسی لیے انہیں ٹورنامنٹ کے اختتام کے بعد این او سی جاری کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: تاریخ کے مشہور جاسوسی اسکینڈلز، دنیا کی طاقتور ترین خفیہ ایجنسی بھی دھوکا کھا گئی
دوسری جانب عثمان طارق اور حنین شاہ بھی سی پی ایل میں شرکت کریں گے، تاہم وہ نیشنل چیمپئنز کپ کا حصہ نہیں ہیں۔











