باغ ( پاک ترک نیوز) ایک باپ کی دو دہائیوں پر محیط انتظار آخرکار ختم ہو گیا۔ مانسہرہ سے سامنے آنے والی یہ خبر ہر آنکھ کو اشکبار اور ہر دل کو غمزدہ کر دینے والی ہے۔
2005ء کے ہولناک زلزلے میں لاپتہ ہونے والے 4 سالہ جمال شفیق کی باقیات تقریباً 20 سال بعد برآمد ہوئی ہیں۔ اس واقعے نے نہ صرف اہلِ علاقہ بلکہ پورے ملک کے لوگوں کو غم میں مبتلا کر دیا ہے۔
متوفی بچے کے والد قاری شفیق الرحمن کے مطابق 8 اکتوبر 2005ء کو آنے والے تباہ کن زلزلے کے دوران ان کا معصوم بیٹا ملبے تلے دب گیا تھا۔ انہوں نے کئی ماہ تک اپنے لختِ جگر کو تلاش کیا، مگر نہ وہ مل سکا اور نہ ہی اس کی میت برآمد ہو سکی۔ وقت گزرتا گیا، لیکن ایک باپ کی امید کبھی ختم نہ ہوئی۔
حال ہی میں اسی مقام پر نئے گھر کی تعمیر کے لیے ملبہ ہٹایا جا رہا تھا کہ انسانی باقیات برآمد ہوئیں۔ بعد ازاں کپڑوں اور جوتوں کی مدد سے شناخت کی گئی کہ یہ باقیات ننھے جمال شفیق کی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایم ڈی سی کا طلبا کے لیے انٹرن شپ پروگرام ،ماہانہ وظیفہ بھی ملے گا
یہ لمحہ خاندان کے لیے انتہائی دردناک اور جذباتی تھا۔ ایک طرف برسوں پرانا زخم پھر سے ہرا ہو گیا، تو دوسری جانب اہلِ خانہ کو اپنے پیارے کو باقاعدہ سپردِ خاک کرنے کا موقع بھی مل گیا۔
قاری شفیق الرحمن کا کہنا ہے کہ 2005ء کے زلزلے میں ان کے خاندان کے آٹھ افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ آج بھی اللہ تعالیٰ کے فیصلوں پر راضی ہیں اور اتنے برس بعد اپنے بیٹے کی باقیات ملنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں۔
ننھے جمال شفیق کی باقیات کو آبائی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا، جبکہ یہ واقعہ ایک بار پھر 2005ء کے ہولناک زلزلے کی تلخ یادیں تازہ کر گیا۔







