ہنگو(پاک ترک نیوز )وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے 27 اگست کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کااعلان کر دیا کہتے ہیں اس بار 20 نہیں بلکہ 40 لاکھ افراد کو اسلام آباد لے کر جائیں گے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے علاج سے متعلق عدالتی فیصلے پر عملدرآمد نہ ہونے کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے ہنگو میں اسٹریٹ موومنٹ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 27 اگست کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے الزام عائد کیا کہ بانی پی ٹی آئی کے علاج سے متعلق تین ججز کے فیصلے کو حکومت اور انتظامیہ نے نظرانداز کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے نے ایک بار پھر یہ تاثر پیدا کیا ہے کہ ملک میں کچھ طاقتور حلقے خود کو آئین اور قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ ان کے خلاف عدالت، ایف آئی اے یا کسی دوسرے ادارے کی جانب سے حکم جاری ہو تو فوری کارروائی کی جاتی ہے، لیکن بانی پی ٹی آئی کے علاج سے متعلق عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے عدلیہ سے بھی سوال کرتے ہوئے کہا کہ اگر عدالتیں طاقتور لوگوں کو قانون کے کٹہرے میں نہیں لاسکتیں تو کمزور افراد کو سزائیں دینے کا بھی کوئی جواز نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ملک میں کمزور اور طاقتور کے لیے الگ الگ قانون نہیں ہونا چاہیے۔











