فیصل آباد ( پاک تر ک نیوز) تین میچوں پر مشتمل سیریز کے دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 270رنز کا ہدف دیدیا۔
تفصیلات کےمطابق فیصل آباد کے اقبال سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔پاکستان نے مقررہ پچاس اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 269رنز بنائے ۔
پاکستان کی آغاز سے وکٹیں گرنے شروع ہو گئیں ۔ فخرزمان بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہونیوالے پہلے پاکستانی بلے باز تھے ۔ بابر اعظم بھی زیادہ دیر مزاحمت نہ کر سکے اور محض 11رنز کر پویلین لوٹ گئے ۔محمد رضوان بھی صرف 4رنز کے مہمان ثابت ہوئے ۔
صائم ایوب نے کچھ دیر مزاحمت کی اور ففٹی مکمل کرلی تاہم وہ بھی 53رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔ حسین طلعت بھی قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکے اور 10رنز بنا کر ہی پویلین لوٹ گئے ۔ سلمان علی آغا اور محمد نواز نے پاکستانی اننگز کو آگے بڑھایا اور سکور کو 190رنز تک پہنچا دیا ۔ سلمان علی آغا نے پچھلے میچ کی طرح اس بار بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور 69رنز کی اننگز کھیل کر پاکستانی ٹیم کی میچ میں واپسی کی راہ ہموار کی ۔
فہیم اشرف نے سلمان علی آغا کے بعد جارحانہ انداز سے بیٹنگ کی اور 18گیندوں پر 28رنز سکورکئے ۔ ان کے آئوٹ ہونے کے بعد کپتان شاہین شاہ آفریدی کریز پر آئے تاہم وہ غیر ذمہ دارانہ شاٹ لگا کر آئوٹ ہوگئے ۔ کپتان شاہین صرف ایک رنز کے ہی مہمان ثابت ہوئے ۔
پاکستان کے آخری آئوٹ ہونیوالے بلے باز محمد نواز تھے جنہوں نے 59رنز کی خوبصورت اننگز کھیلی ۔ محمد وسیم 12جبکہ نسیم شاہ 6رنز بنا سکے اور آئوٹ نہیں ہوئے ۔












