اسلام آباد (پاک ترک نیوز )نیپرا نے بجلی کے نظام میں خریداری کیلئے ویلنگ آکشن کے عمل کی منظوری دیدی۔ اس اقدام کے تحت خریدار براہِ راست پاور پلانٹ سے بجلی خرید سکیں گے، بشرطیکہ کم از کم ایک میگاواٹ بجلی خریدی جائے۔نیپرا کے مطابق بجلی کو کھپت کے مقام تک پہنچانے کیلئے جو چارجز ادا کیے جائیں گے انہیں گرڈ چارجز یا ویلنگ چارجز کہا جائے گا۔ اس نئے نظام کے ذریعے بجلی کی خرید و فروخت مزید شفاف اور مسابقتی ہو گی۔پانچ سالوں کے دوران مجموعی طور پر 800 میگاواٹ ویلنگ آکشن کی جائیگی، جس کے پہلے مرحلے میں 200 پیش میگاواٹ کی آکشن متوقع ہے۔ انڈیپنڈنٹ سسٹمز مارکیٹ آپریٹرز اب مسابقتی بولی کے ذریعے آکشن کیلئے پیشکشیں حاصل کر سکتے ہیں۔نیپرا کے مطابق ویلنگ آکشن کا یہ عمل بجلی کی مارکیٹ میں مسابقت اور شفافیت بڑھانے کے لیے اہم قدم ہے اور اس سے بجلی کی فراہمی اور خریداری میں سہولت اور لچک فراہم ہوگی۔












