مری (پاک ترک نیوز )مری میں مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے نومنتخب اراکین اسمبلی نے شرکت کی۔ اجلاس میں آزاد کشمیر میں حکومت سازی اور آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ سیاست میں مخالفت کو دشمنی میں نہیں بدلنا چاہیے، آزاد کشمیر کا سیاسی ماحول ہمیشہ اچھا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں امید نہیں تھی کہ پیپلزپارٹی کی جانب سے شکایت کا کوئی موقع ملے گا، مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ سیاسی مخالفین کے ساتھ اچھا سلوک کیا ہے۔
نواز شریف نے نومنتخب اراکین اسمبلی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے پہلے دو مرحلوں میں مسلم لیگ (ن) کو اکثریت مل چکی ہے، جو امیدوار کامیاب نہیں ہوسکے انہیں بھی شاباش دیتا ہوں۔ آزاد کشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح ہے، اگر ہم نے ڈیلیور نہ کیا تو عوام ناراض ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح پنجاب میں ترقی کا سفر آگے بڑھایا گیا، اسی طرح آزاد کشمیر کو بھی ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ آزاد کشمیر کے عوام پنجاب کی ترقی کی طرف دیکھ رہے ہیں، آزاد کشمیر کو بھی ترقی میں پنجاب کی سطح پر لانا ہوگا۔
سابق وزیراعظم نے وزیراعظم شہباز شریف سے کہا کہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم کو ہیلی کاپٹر فراہم کیا جائے تاکہ پہاڑی اور دور دراز علاقوں میں آسانی سے سفر کرکے عوام کے مسائل حل کیے جاسکیں۔ انہوں نے مریم نواز سے بھی آزاد کشمیر حکومت کے ساتھ تعاون کرنے کی ہدایت کی۔
نواز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر کے طلبہ کو لیپ ٹاپس اور اسکالرشپس دی جانی چاہئیں، جبکہ آزاد کشمیر حکومت کو زیادہ سے زیادہ فنڈز فراہم کیے جائیں۔ انہوں نے آزاد کشمیر میں کسان کارڈ کے اجرا کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کابینہ کا انتخاب میرٹ پر ہونا چاہیے اور مسلم لیگ (ن) کے منشور پر 100 فیصد عمل کیا جائے۔ آزاد کشمیر میں ترقیاتی منصوبے بھرپور انداز میں شروع کیے جائیں تاکہ عوام کو سہولیات فراہم کی جاسکیں۔
نواز شریف نے کشمیر الیکشن میں امیر مقام اور رانا ثنا اللہ کی محنت کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ امیر مقام نے ایسے انتخابی مہم چلائی جیسے یہ ان کا اپنا الیکشن ہو۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین نے صرف نعرے لگائے، ترقی کے لیے کچھ نہیں کیا، تاہم ملک اب پیچھے نہیں بلکہ آگے کی جانب بڑھ رہا ہے اور بہت جلد مسائل پر قابو پالیں گے۔












