اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) عالمی مالیاتی فنڈ نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ بجلی کے مجوزہ ٹیرف میں ردوبدل کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔
آئی ایم ایف حکام نے تصدیق کی ہے کہ حکومت پاکستان کے ساتھ مختلف آپشنز پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔
عالمی مالیاتی فنڈ حکام کے مطابق مذاکرات کے دوران اس بات پر خصوصی غور کیا جا رہا ہے کہ ٹیرف میں ممکنہ ردوبدل کا اضافی بوجھ متوسط اور کم آمدنی والے طبقے پر نہ پڑے۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے ساتھ ساتھ سماجی تحفظ کے تقاضوں کو بھی مدنظر رکھا جا رہا ہے تاکہ کمزور طبقات کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
آئی ایم ایف کے ساتھ مجوزہ ٹیرف ترامیم کا جائزہ اس تناظر میں بھی لیا جائے گا کہ آیا یہ حکومتی وعدوں اور جاری معاشی پروگرام کے اہداف سے مطابقت رکھتی ہیں یا نہیں۔ آئی ایم ایف حکام کے مطابق کسی بھی ممکنہ تبدیلی سے قبل مالیاتی نظم و ضبط اور طے شدہ اصلاحاتی اقدامات کو پیش نظر رکھا جائے گا۔
مجوزہ ٹیرف میں ردوبدل کے مہنگائی، عوامی اخراجات اور مجموعی معاشی استحکام پر ممکنہ اثرات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ توانائی کے شعبے میں پائیدار اصلاحات اور معاشی استحکام کے درمیان توازن قائم رکھنا مذاکرات کا اہم حصہ ہے۔












