واشنگٹن ( پاک ترک نیوز) البانیہ میں ایوانکا ٹرمپ اور جیرڈ کشنر سے منسلک 1.4 ارب یورو مالیت کے لگژری ریزورٹ منصوبے کے خلاف ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ سازان جزیرے اور زویرنیک ساحلی علاقے میں مجوزہ تعمیرات سے ماحولیات، جنگلی حیات اور مقامی زمینوں کو نقصان پہنچے گا۔
مظاہرین البانوی پرچم اور "البانیہ برائے فروخت نہیں”۔اور یہاں سے دو رہو کے بینرز اٹھائے ہوئے ہیں جبکہ ایوانکا ٹرمپ اور جیرڈ کشنر کے خلاف نعرے بھی لگائے گئے۔ احتجاج کے دوران بعض مقامات پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔
ایوانکا ٹرمپ نے ایک پوڈکاسٹ میں کہا کہ وہ اتفاقاً اس جزیرے تک پہنچیں، اس کی قدرتی خوبصورتی سے متاثر ہوئیں۔ ان کے مطابق منصوبے کا مقصد علاقے کی خوبصورتی کو محفوظ رکھتے ہوئے اسے عالمی سیاحتی مرکز بنانا ہے۔
جیرڈ کشنر سے منسلک کمپنی کو البانیہ حکومت نے "اسٹریٹیجک سرمایہ کار” کا درجہ بھی دے رکھا ہے، جس کے تحت اسے خصوصی سرکاری سہولتیں حاصل ہیں۔
البانیہ کے وزیراعظم ایڈی راما اس منصوبے کے مضبوط حامی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ سرمایہ کاری علاقے میں روزگار، سیاحت اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کا سبب بنے گی
یہ جزیرہ دوسری جنگ عظیم کے دوران ایک سٹریٹیجک عسکری اڈے کے طور پر استعمال ہوتا تھا، بعد میں 1950 کی دہائی میں سوویت حمایت یافتہ دفاعی نیٹ ورک کا حصہ بنا، اور البانیہ کی سوویت یونین سے علیحدگی کے بعد بھی ایک دفاعی چوکی رہا۔
عسکری اڈے کی وجہ سےجزیرے پر ہزاروں بنکرز اور زیر زمین سرنگوں کے علاوہ، غیر پھٹے ہوئے بارودی مواد کی بڑی مقدار سمندر کی تہہ اور اس کے پتھریلے ساحل پر بکھری ہوئی ہے۔












