لاہور( پاک ترک نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے لیبیا کشتی حادثہ کیس کے ملزم محمد طاہر کی بعد از گرفتاری ضمانت منظور کر لی،جسٹس امجد رفیق نے انسانی اسمگلنگ عالمی جرم قرار دیدیا ۔
جسٹس امجد رفیق نے ریمارکس دیئے انسانی سمگلنگ کے جرائم کی مؤثر تفتیش اور قانون سازی ناگزیر ہے،صرف بینک اکاؤنٹ میں رقم منتقل ہونا انسانی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کا ثبوت نہیں۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امجد رفیق نے محمد طاہر کی درخواست ضمانت پر 11 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کردیا ، فیصلے میں کہا گیااستغاثہ کو ٹھوس، آزاد اور قابل قبول شواہد سے ملزم کا فعال کردار ثابت کرنا ہوگا۔
جسٹس امجد رفیق نے ریمارکس دیئے انسانی اسمگلنگ قوانین میں اصلاحات اور فوری قانون سازی کی ضرورت ہے۔جسٹس امجد رفیق نے ایف آئی اے کی تفتیش پر سوالات اٹھا دیئے۔
یہ بھی پڑھیں: اسحاق ڈر کی کرغز ستان اور بیلا روس کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں
عدالت نے فیصلے میں کہا صرف شبہ، قیاس آرائی یا بینک ٹرانزیکشن انسانی اسمگلنگ ثابت کرنے کے لیے کافی نہیں،انسانی اسمگلنگ کیسز میں واٹس ایپ، کال ریکارڈ، سفری دستاویزات اور ڈیجیٹل شواہد اکٹھے کرنا ضروری ہے۔لیبیا سمیت متعلقہ ممالک سے قانونی معاونت حاصل کرنا تفتیش کا اہم حصہ ہے۔
عدالت نے ملزم طاہر کو پانچ لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔












