لاہور( پاک ترک نیوز) لاہور کے مصروف ترین تجارتی علاقوں میں شمار ہونے والا نیلا گنبد اکتوبر 2026 تک شہر کے پہلے وا واک فرینڈلی علاقے میں تبدیل ہو جائے گا۔ ٹریفک انجینئرنگ اینڈ پلاننگ ایجنسی کے مطابق منصوبے کا 76 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔
ٹیپا کے چیف انجینئر اقرار حسین کے مطابق منصوبے پر اکتوبر 2025 میں کام شروع کیا گیا تھا، جس کی تخمینہ لاگت 2 ارب 45 کروڑ روپے ہے۔ اب تک منصوبے کے لیے مختص فنڈز کا 78 فیصد استعمال کیا جا چکا ہے، جبکہ اسے 9 اکتوبر 2026 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر ہے۔
نیلا گنبد، کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی، پنجاب یونیورسٹی، انارکلی بازار، سائیکل مارکیٹ، ٹائر مارکیٹ اور بینک اسکوائر کے قریب واقع ہے، جہاں برسوں سے شدید ٹریفک، غیر قانونی تجاوزات، پارکنگ کی کمی اور گاڑیوں کی چوری جیسے مسائل درپیش رہے ہیں۔
منصوبے کے تحت موجودہ دکانوں اور تعمیرات کو ہٹا کر تین منزلہ زیرِ زمین کمپلیکس تعمیر کیا جا رہا ہے، جس میں 374 کاروں اور 790 موٹرسائیکلوں کی پارکنگ کی گنجائش ہوگی، جبکہ 69 دکانوں کو پہلی بیسمنٹ میں منتقل کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور میں 83عمارتیں مخدوش قرار
منصوبے میں پیدل چلنے والوں کے لیے کشادہ راہداریاں، کمپیوٹرائزڈ پارکنگ مینجمنٹ سسٹم، سی سی ٹی وی نگرانی، جدید فائر فائٹنگ سسٹم، عوامی واش رومز اور لفٹس جیسی جدید سہولتیں بھی شامل ہیں۔
حکام کے مطابق منصوبہ مکمل ہونے کے بعد نیلا گنبد لاہور کا پہلا باقاعدہ واک فرینڈلی زون بن جائے گا، جس سے ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی اور خریداروں، شہریوں اور سیاحوں کو زیادہ محفوظ اور آرام دہ ماحول میسر آئے گا۔












