اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) ملک کےکئی شہروں میں مون سون بارشوں کا دھواں دھار اسپیل جاری ہے، لاہور میں تیز بارش سےشہر ڈوب گیا، کوٹ لکھپت، قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ، ٹاؤن شپ، سمن آباد، شادباغ اور دیگر علاقوں میں جل تھل ایک ہو گیا، بارش سے نشیبی علاقے اور سڑکیں زیرآب آنے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔
لاہور میں سب سے زیادہ ایئرپورٹ پر 263 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ، کاہنہ اور تاجپورہ میں 143 ملی میٹر بارش ہوئی ۔
کاہنہ میں سینٹرل پارک کے سامنے موٹرسائیکل فٹ پاتھ سے ٹکراگئی، دو بھائی جاں بحق ہو گئے، ڈی ایچ اے فیز فور میں گھر کی چھت گرنے سے چار افراد زخمی ہوئے۔
گجرات، جہلم، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حافظ آباد، شکر گڑھ میں موسلادھار بارش ہوئی ہے جس سے سڑکیں، گلیاں، بازار پانی میں ڈوب گئے، قصور، مریدکے، کوٹ رادھا کشن اور دیگر علاقوں میں بھی بادل جم کر برسے۔
مری میں جھیکا گلی بازار سے ملحقہ علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ ہونے سے کئی مکانات تباہ ہو گئے، درجنوں درخت گرگئے،ضلعی انتظامیہ کی طرف سےمتاثرہ گھروں سےسامان نکال لیا گیا۔
فیصل آباد، میانوالی، ساہیوال میں جل تھل ایک ہو گیا، جھنگ میں خستہ حال مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق، لالہ موسیٰ میں چھت گرنے سے چھ سالہ بچہ جان کی بازی ہار گیا۔
یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں بارشیں ،بھارت نے سیلابی ریلا پاکستان کی طرف چھوڑ دیا
نارووال میں دریائے راوی،نالہ بسنتر اور نالہ بئیں میں ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ،پانی میں پھنسے 135 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب میں بارشوں کے دوران حادثات میں 21اموات ، 154شہری زخمی ہوئے ، آسمانی بجلی گرنے سے 2 عمارتیں گرنے سے 15 ،کرنٹ لگنے سے 3 اور پانی میں ڈوبنے سے 1 شخص جان کی بازی ہار گیا ۔
این ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے باعث 38 مکانات جزوی طور پر متاثر ہوئے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے باعث اربن و فلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے۔












