اسلام آباد(پاک ترک نیوز) پٹرول پمپ مالکان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ ردوبدل کے بجائے ماہانہ بنیادوں پر تبدیلی کا مطالبہ کردیا، اس حوالے سے آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط ارسال کردیا۔
خط کے متن کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ تبدیلی سے پٹرول پمپ مالکان کو مالی نقصان اٹھانا پڑتا ہے، جبکہ کاروباری منصوبہ بندی اور اسٹاک کا انتظام بھی مشکل ہوگیا ہے۔
ایسوسی ایشن کا مؤقف ہے کہ قیمتوں میں کمی کی صورت میں مہنگے داموں خریدا گیا پٹرول کم قیمت پر فروخت کرنا پڑتا ہے، جس سے کاروباری نقصانات میں اضافہ ہوتا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا ماہانہ بنیادوں پر تعین کرنے سے پٹرول پمپ مالکان کو کاروباری استحکام ملے گا اور غیر ضروری مالی نقصانات سے بچایا جاسکے گا۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا کے بڑے بینکوں کی آن لائن سروسز متاثر، ہزاروں صارفین اکاؤنٹس تک رسائی سے محروم، ڈیجیٹل ادائیگیوں میں بھی تعطل
آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین نعمان علی بٹ نے وزیراعظم شہباز شریف سے معاملے پر فوری توجہ دینے اور قیمتوں میں ماہانہ تبدیلی کا نظام متعارف کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔







