اسلام آباد(پاک ترک نیوز ) ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکا نے ایران کے خلاف جارحیت، دھمکیوں، ہدف بنا کر قتل، معاشی دباؤ اور ناکہ بندی کا راستہ اختیار کیا، امریکی اقدامات بین الاقوامی قانون اور اقوامِ متحدہ کے منشور کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم کے 30ویں وزارتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عباس عراقچی نے اجلاس کے انعقاد پر پاکستان اور وزارتِ خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی قیادت اور پرتپاک میزبانی کو بھی سراہا۔
ایرانی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ ایران کی علاقائی سالمیت کے خلاف جارحیت کی مذمت اور ایرانی عوام سے یکجہتی کا اظہار کرنے والے ممالک کے شکر گزار ہیں۔ اقتصادی تعاون تنظیم کو اجتماعی اقدامات، مضبوط تعاون اور مشترکہ حکمتِ عملی کے لیے مؤثر پلیٹ فارم بنانا ہوگا۔ تجارت، نقل و حمل اور توانائی تنظیم کے تعاون کے تین اہم اسٹریٹجک ستون ہونے چاہئیں۔
عباس عراقچی نے تجارتی معاہدے میں اصلاحات کے لیے تکنیکی مذاکراتی کمیٹی کے قیام کا خیر مقدم کرتے ہوئے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ ایک نئے اور مؤثر تجارتی معاہدے کے لیے مذاکراتی عمل میں شریک ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: ملائیشیا کا جنگی بحری جہازوں کے لیے ترک ساختہ میزائل خریدنے کا فیصلہ
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کے سپریم لیڈر اور متعدد اعلیٰ سیاسی و عسکری حکام امریکی جارحانہ کارروائیوں میں شہید ہوئے، جبکہ ایران میں پانچ ہزار سے زائد شہری بھی جان سے گئے، جن میں مناب اسکول کے 168 طلبہ اور اساتذہ شامل ہیں۔
عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ ایران گزشتہ دو سال سے سفارتی روابط اور تنازعات کے پُرامن حل کے لیے پُرعزم رہا ہے اور اقوامِ متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قانون کے اصولوں پر کاربند ہے۔
ایرانی وزیرِ خارجہ نے خلیج فارس اور آبنائے ہرمز کی صورتِ حال کو امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جارحانہ پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیا۔
فلسطین کی صورتِ حال پر بات کرتے ہوئے عباس عراقچی نے کہا کہ غزہ میں جنگی جرائم، نسل کشی، تباہی اور فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی آباد کاری اور فلسطینیوں پر حملوں میں شدت تشویش ناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی جیلوں میں قید تقریباً دس ہزار فلسطینیوں کی حالتِ زار پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ غزہ میں انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی کے لیے اسرائیلی ناکہ بندی ختم کرائی جائے، کیونکہ بے گھر فلسطینیوں کو خوراک، ادویات اور عارضی پناہ گاہوں کی فوری ضرورت ہے۔ ان کے مطابق غزہ میں 15 لاکھ سے زائد بے گھر فلسطینیوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات ناگزیر ہیں۔
عباس عراقچی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ غزہ اور مغربی کنارے کے انسانی بحران پر خاموشی اور لاتعلقی ختم کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے کا استحکام اور خوش حالی اقتصادی تعاون تنظیم کے تمام رکن ممالک کے مشترکہ مفاد میں ہے اور ایران علاقائی تعاون کو مضبوط، مؤثر اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔
ایرانی وزیرِ خارجہ نے اقتصادی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کو چار دسمبر کو تہران میں ہونے والے سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔












