انطالیہ (پاک ترک نیوز) چین اور ترکیے نے قابلِ تجدید توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے اور تقریباً 15 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے لیے ابتدائی معاہدے پر دستخط کر دیے۔
ترکیے کے وزیر توانائی کے مطابق اس معاہدے کے تحت ملک میں شمسی اور ہوائی توانائی کے منصوبے لگائے جائیں گے، جن سے مجموعی طور پر سات گیگا واٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت حاصل ہوگی۔ منصوبوں میں توانائی ذخیرہ کرنے کے نظام اور بجلی کی ترسیل کے نظام میں بہتری بھی شامل ہے۔
یہ معاہدہ جمعرات 12 نومبر کو ترکیے کے شہر انطالیہ میں اقوام متحدہ کی ماحولیاتی کانفرنس کے موقع پر طے پایا۔ ترکیے کے وزیر توانائی الپ ارسلان بایراکتار کا کہنا ہے کہ اس تعاون کے تحت ٹیکنالوجی کا تبادلہ بھی کیا جائے گا تاکہ ترکیے میں ہوائی بجلی پیدا کرنے والی مشینوں کے آلات تیار کرنے کی صلاحیت بڑھائی جا سکے۔
معاہدے میں منصوبوں کی تکمیل کے لیے کوئی حتمی مدت یا سرمایہ کاری کے مالی انتظامات کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
اس پیش رفت سے قبل 11 نومبر کو ترک صدر رجب طیب اردوان اور چین کے نائب صدر ہان ژینگ کے درمیان ملاقات ہوئی تھی۔ چینی نائب صدر نے اس موقع پر کہا کہ چین اپنی کمپنیوں کو ترکیے میں مزید سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرے گا، جبکہ قابلِ تجدید توانائی دونوں ممالک کے درمیان تعاون کا اہم شعبہ ہو سکتا ہے۔












