راولپنڈی ( پاک ترک نیوز) چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کا مقصد ملک کو طویل المدتی معدنی سرمایہ کاری کے لیے ایک مسابقتی منزل بنانا ہے۔ کان کنی کے پورے نظام کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جا رہا ہے۔پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ کانوں، کان کنوں، سرمایہ کاری، صنعتوں، منصوبوں اور ان سے وابستہ افراد کو تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ پاکستان کی معدنی دولت کو کارآمد بنانا ہمارا اجتماعی قومی مقصد ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا نے راکٹوں کی پیداوار تیز کردی، سالانہ پیداوار 14 ہزار تک پہنچ گئی
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہدف صرف خام معدنیات برآمد کرنا نہیں بلکہ ریفائننگ اور مینوفیکچرنگ سمیت پوری ویلیو چین کو ترقی دینا ہے۔ ایسی طویل المدتی شراکت داری چاہتے ہیں جو پاکستان اور اس کے شراکت داروں کے لیے پائیدار معاشی فوائد کا باعث بنے۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ معدنی ترقی کے ثمرات مقامی آبادیوں تک پہنچنا ضروری ہیں، معدنیات سے مالا مال علاقوں کے لوگوں کی زندگیوں میں ٹھوس بہتری نظر آنی چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام محنتی، دلیر اور پرعزم ہیں، جو اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ ہمارے وسائل مواقع فراہم کرتے ہیں جبکہ ان مواقع کو نتائج میں بدلنے کی اصل طاقت ہمارے لوگ ہیں۔چیف آف ڈیفنس فورسز نے مزید کہا کہ پاکستان کو صلاحیت سے پیداوار، وعدوں سے عمل اور خام برآمدات سے ویلیو ایڈڈ ترقی کی جانب بڑھنا ہوگا۔
پاکستان ہمیشہ زندہ باد!












