نئی دہلی ( پاک ترک نیوز) بھارت کی میزبانی میں ’’ترنگ شکتی 2026‘‘ فضائی مشق، امریکی F-35 طیاروں نے پہلی بار بھارتی ایئربیس سے اڑان بھری، چین کے J-20 اور J-35 طیاروں کے مقابلے کی مشق بھی اہم توجہ بن گئی۔بھارت میں جدید جنگی طیاروں کی بڑی بین الاقوامی فضائی مشق ’’ترنگ شکتی 2026‘‘ کا انعقاد کیا گیا، جس میں امریکی فضائیہ کے جدید ترین F-35 اسٹیلتھ جنگی طیاروں نے پہلی مرتبہ بھارتی فضائی اڈے سے آپریشنل مشقوں میں حصہ لیا۔راجستھان کے شہر جودھ پور میں ہونے والی اس مشق میں امریکا سمیت سات غیر ملکی ممالک کی فضائی افواج نے شرکت کی۔ فرانس، متحدہ عرب امارات اور امریکا نے جنگی طیارے فراہم کیے، جبکہ آسٹریلیا، بنگلہ دیش، جرمنی اور سری لنکا نے ٹرانسپورٹ اور خصوصی مشن کے طیارے بھیجے۔
امریکی فضائیہ کے چھ F-35A طیارے جاپان میں واقع میساوا ایئربیس سے بھارت پہنچے، جن کے ساتھ 200 سے زائد اہلکار اور فضائی ایندھن فراہم کرنے والے KC-135R طیارے بھی شامل تھے۔اس مشق کی خاص بات یہ تھی کہ بھارتی فضائیہ کو پہلی مرتبہ امریکی F-35 طیاروں کے ساتھ اور ان کے مقابلے میں پروازوں کی مشق کا موقع ملا۔ ان طیاروں کو چین کے جدید اسٹیلتھ جنگی طیاروں J-20 اور J-35 کی صلاحیتوں کو سمجھنے کے لیے اہم تجربہ قرار دیا جا رہا ہے۔مشق کے دوران بھارتی فضائیہ نے اپنے رافیل، میراج 2000، تیجس، مگ 29، جیگوار اور سخوئی 30 طیارے بھی میدان میں اتارے۔ مشق میں 800 سے زائد پروازیں کی گئیں، جبکہ تقریباً 80 طیاروں نے بڑے فضائی جنگی منظرناموں میں بیک وقت حصہ لیا۔بھارتی فضائیہ کے مطابق مشق میں فضائی دفاع، طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیاروں، دشمن کے فضائی حملوں اور مشترکہ جنگی حکمت عملیوں کی تربیت پر توجہ دی گئی۔دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ فروری 2025 میں بھارت کو F-35 طیاروں کی ممکنہ فراہمی کی پیشکش کا اعلان بھی کر چکے ہیں، تاہم دونوں ممالک کے درمیان تاحال ان طیاروں کی خریداری کے لیے باضابطہ مذاکرات شروع نہیں ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: انڈر19ایشیا کپ،پاکستان بنگلہ دیش کو شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا
ماہرین کے مطابق بھارت کی یہ مشق صرف فضائی تربیت تک محدود نہیں بلکہ مختلف ممالک کے درمیان دفاعی تعاون اور جدید جنگی ٹیکنالوجی کے تبادلے کا بھی اہم موقع ہے۔بھارتی فضائیہ اب ’’ترنگ شکتی‘‘ کو مشرق کا ’’ریڈ فلیگ‘‘ بنانے کا ہدف رکھتی ہے، تاکہ دنیا کی بڑی فضائی طاقتیں ایک ہی پلیٹ فارم پر مشترکہ جنگی مشقیں کر سکیں۔












