یروشلم (پاک ترک نیوز)اسرائیلی دفاعی کمپنی رافیل نے ایک ہزار پاؤنڈ، یعنی تقریباً 454 کلوگرام وزنی وارہیڈ سے لیس نیا کروز میزائل سپر آئس متعارف کرا دیا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ میزائل اس کے آئس بریکر خاندان کا حصہ ہے اور اپنے پیش رو میزائل کے مقابلے میں چار گنا زیادہ وزنی ہے۔
سپر آئس کو فضائی، زمینی اور بحری پلیٹ فارمز سے لانچ کیا جا سکتا ہے۔ رافیل کا دعویٰ ہے کہ اسے طویل فاصلے سے اہم اسٹریٹجک اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے تیار کیا گیا ہے، جبکہ اس کی ساخت اور ٹیکنالوجی دشمن کے فضائی دفاعی نظام سے بچ نکلنے کے امکانات بڑھاتی ہیں۔
کمپنی کے مطابق یہ میزائل انتہائی کم بلندی پر زمین کے خدوخال کے مطابق پرواز کر سکتا ہے اور نیویگیشن کے لیے جی پی ایس پر انحصار نہیں کرتا۔ اس میں جدید الیکٹرو آپٹیکل رہنمائی کا نظام نصب ہے، جو تصاویر کی مدد سے ہدف کے ماحول کو پہچاننے اور درست نشانہ لگانے میں مدد دیتا ہے۔ میزائل خودکار انداز میں بھی کام کر سکتا ہے، تاہم فیصلہ سازی میں انسانی آپریٹر کی شمولیت کی گنجائش بھی موجود ہے۔
رافیل کا کہنا ہے کہ نئے میزائل میں پہلے ماڈل کے مقابلے میں زیادہ رفتار، بہتر صلاحیتیں اور کہیں زیادہ طاقتور وارہیڈ شامل کیا گیا ہے۔ تاہم کمپنی نے اس کی رفتار اور عملی رینج کے اعدادوشمار جاری نہیں کیے۔ اس کے برعکس پہلے آئس بریکر میزائل کی بتائی گئی رینج 300 کلومیٹر تک ہے۔
سپر آئس کا وارہیڈ ایم کے 83 کیٹیگری سے تعلق رکھتا ہے، جس کا وزن ہی پہلے آئس بریکر میزائل کے مجموعی وزن سے زیادہ ہے۔ رافیل کے مطابق پرانے میزائل کا وزن 400 کلوگرام سے کم تھا۔
رافیل کے چیئرمین پروفیسر یووال اسٹائنٹز نے سپر آئس کو اپنی نوعیت کا دنیا کا بہترین کروز میزائل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ طویل فاصلے سے حملوں اور فضائی دفاعی نظام سمیت اہم اہداف کو تباہ کرنے کے لیے مؤثر حل ہے۔
یہ بھی پڑھیں؛ اینکر ربیعہ قتل کیس: ملزم کے موبائل کا ابتدائی تجزیہ مکمل
رافیل کے مطابق آئس بریکر میزائل خاندان کے 2026 تک چھ آپریشنل صارفین ہیں، تاہم کمپنی نے ان ممالک کے نام ظاہر نہیں کیے۔ مختلف دفاعی رپورٹس کے مطابق اس خاندان کے میزائلوں کے تقریباً 1200 یونٹس کے آرڈرز موجود ہیں، جبکہ ترسیل شروع ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آ چکی ہیں۔
اس میزائل خاندان میں سی بریکر اور آئس بریکر شامل ہیں، جنہیں بالترتیب بحری، زمینی اور فضائی پلیٹ فارمز سے استعمال کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ رافیل نے بھارت کی کمپنی بھارت ڈائنامکس کے ساتھ مقامی پیداوار کے لیے مفاہمتی یادداشت بھی کی، جبکہ امریکی کمپنی جنرل ایٹامکس کے ساتھ بھی تعاون کا معاہدہ سامنے آ چکا ہے۔











