اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے اسعد محمود کے فارم بی اور انکم ٹیکس ویلتھ اسٹیٹمنٹس میں مبینہ فرق سے متعلق متعدد سوالات اٹھا دیے گئے۔ تنخواہ، جائیدادوں، کرایہ آمدن اور اثاثوں میں اضافے کی تفصیلات پر وضاحت طلب کرلی گئی۔جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے اسعد محمود کے مالیاتی معاملات سے متعلق دستاویزات کی بنیاد پر مبینہ تضادات کی نشاندہی کی گئی ہے، جن میں ان کے فارم بی اور انکم ٹیکس ویلتھ اسٹیٹمنٹس میں درج معلومات کے درمیان فرق کے دعوے سامنے آئے ہیں۔
دستیاب تفصیلات کے مطابق فارم بی میں اسعد محمود کا پیشہ تدریس ظاہر کیا گیا، جبکہ 2021ء سے 2023ء کے دوران سالانہ تنخواہ 30 سے 36 لاکھ روپے تک درج ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ تاہم سوال اٹھایا گیا ہے کہ ان کی ملازمت کا ادارہ، عہدہ، تقرری، معاہدہ، تنخواہ کی ادائیگی کا طریقہ اور متعلقہ سیلری سلپس کی تفصیلات کہاں ہیں؟ملتان میں دو جائیدادوں کی مالیت کے حوالے سے بھی مبینہ فرق کی نشاندہی کی گئی ہے۔ دعوے کے مطابق فارم بی میں ان جائیدادوں کی مالیت بالترتیب 27 لاکھ اور 25 لاکھ روپے ظاہر کی گئی، جبکہ ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں یہی مالیت 55 لاکھ اور 70 لاکھ روپے درج ہونے کا کہا گیا ہے۔ اس حوالے سے سوال اٹھایا گیا ہے کہ دونوں دستاویزات میں جائیدادوں کی مالیت اور ملکیت کی تفصیلات مختلف کیوں ہیں؟دستاویزات سے متعلق دعوے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ 2025ء کی ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں 48 مرلہ رہائشی پلاٹ کی مالیت 30 لاکھ روپے ظاہر کی گئی۔ تاہم پلاٹ کے مقام، خریداری کی تاریخ، فروخت کنندہ، ادائیگی کے ذریعے اور رجسٹری یا انتقال سے متعلق تفصیلات پر وضاحت طلب کی گئی ہے۔
اسی طرح 2026ء کے گوشوارے میں 400 کنال زرعی زمین کے لیز ایڈوانس کی مد میں 50 لاکھ روپے ظاہر کیے جانے کا دعویٰ ہے۔ اس معاملے میں زمین کے مقام، اصل مالک، لیز کی مدت، ادائیگی اور معاہدے کے ثبوت سے متعلق سوالات اٹھائے گئے ہیں۔جائیدادوں سے حاصل ہونے والی کرایہ آمدن بھی سوالات کی زد میں ہے۔ فراہم کردہ اعدادوشمار کے مطابق 2024ء میں 3 لاکھ 48 ہزار، 2025ء میں 23 لاکھ 4 ہزار اور 2026ء میں 21 لاکھ 80 ہزار روپے سالانہ کرایہ آمدن ظاہر کی گئی۔ سوال یہ ہے کہ متعلقہ جائیدادیں کہاں واقع ہیں، کرایہ دار کون ہیں اور کرایے کی وصولی، بینک ریکارڈ اور ٹیکس دستاویزات کیا ہیں؟اسعد محمود کے 2025ء کے گوشوارے میں نعیم حیدر گرمانی کو 30 لاکھ روپے کی ادائیگی کا اندراج بھی توجہ کا مرکز ہے۔ اس ادائیگی کی نوعیت اور مقصد سے متعلق وضاحت طلب کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور میں شیرنی کے حملے سے 19 سالہ نوجوان جاں بحق، فارم مالک اور ٹک ٹاکر گرفتار
اثاثوں میں اضافے کے حوالے سے بھی سوالات سامنے آئے ہیں۔ فراہم کردہ اعدادوشمار کے مطابق اسعد محمود کے اثاثے 2023ء میں 96 لاکھ 24 ہزار روپے تھے، جو 2025ء میں بڑھ کر تقریباً ایک کروڑ 75 لاکھ روپے ہو گئے۔ یوں تقریباً 79 لاکھ روپے کے اضافے کے ذرائع اور اس کی دستاویزی تفصیلات پر سوال اٹھایا گیا ہے۔










