ابوظہبی (پاک ترک نیوز)متحدہ عرب امارات نے غیر مسلم عبادت گاہوں کے لیے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانوں اور لائسنس معطلی کی سزاؤں کا اعلان کر دیا ہے۔ نئے ضوابط کے تحت سنگین خلاف ورزیوں پر جرمانہ ساڑھے سات لاکھ درہم، یعنی تقریباً دو لاکھ چار ہزار ڈالر تک ہو سکتا ہے۔
نئے قواعد کا اطلاق 14 اکتوبر سے ہو چکا ہے۔ حکام کے مطابق ان ضوابط کا مقصد غیر مسلم عبادت گاہوں کے لیے پہلے سے موجود قواعد پر عمل درآمد کو مؤثر بنانا ہے، نہ کہ نئی پابندیاں عائد کرنا۔ خلاف ورزی کی صورت میں حکام عدالتی کارروائی کے بغیر تنبیہ، جرمانہ یا عبادت گاہ کی سرگرمیاں معطل کر سکتے ہیں، جبکہ بار بار خلاف ورزی کرنے پر سزا میں اضافہ ہو گا۔
قواعد کے تحت کسی غیر ملکی سفارتی یا سرکاری ادارے کے ساتھ باضابطہ یا غیر رسمی تعلق قائم کرنے پر پہلی خلاف ورزی میں ڈھائی لاکھ درہم، جبکہ تیسری خلاف ورزی پر ساڑھے سات لاکھ درہم جرمانہ ہو سکتا ہے۔
متحدہ عرب امارات سے باہر سے عطیات یا مالی امداد وصول کرنے، یا سماجی ذرائع ابلاغ سمیت کسی بھی ذریعے سے غیر مجاز چندہ جمع کرنے یا اس کی تشہیر پر پہلی مرتبہ ایک لاکھ درہم، دوسری مرتبہ ڈھائی لاکھ اور تیسری مرتبہ پانچ لاکھ درہم جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔
لائسنس یافتہ عمارت سے باہر مذہبی رسومات ادا کرنے یا عبادت گاہ کو اس کے منظور شدہ مقصد کے علاوہ استعمال کرنے پر بھی ایک لاکھ درہم جرمانے کی گنجائش رکھی گئی ہے۔
نئے ضوابط کے تحت لائسنس کی تجدید نہ کرانے پر پہلے تنبیہ کی جائے گی، جبکہ دوبارہ خلاف ورزی پر 25 ہزار اور 50 ہزار درہم جرمانہ ہو سکتا ہے۔ عبادت گاہوں کو لائسنس کی تجدید کے لیے 60 دن دیے جائیں گے۔
انتظامی نگران مقرر نہ کرنے، سالانہ اجلاس منعقد نہ کرنے اور حکام کی منظوری کے بغیر انتظامی عہدے دار تبدیل کرنے پر بھی مختلف درجات کے جرمانے مقرر کیے گئے ہیں۔
مالی معاملات میں بھی سخت نگرانی ہو گی۔ عبادت گاہوں کے لیے متحدہ عرب امارات کے کسی قومی بینک میں اکاؤنٹ رکھنا لازمی ہو گا۔ چندے کی رقم منظور شدہ بینک اکاؤنٹ میں جمع کرائے بغیر خرچ کرنے پر پہلے تنبیہ اور بعد ازاں 50 ہزار اور ایک لاکھ درہم تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔ خلاف ورزی برقرار رہنے پر تین ماہ کے لیے لائسنس بھی معطل کیا جا سکتا ہے۔
عبادت گاہوں کو اپنی تمام سرگرمیوں، مالی معاملات اور انتظامی امور کا مکمل ریکارڈ محفوظ رکھنا ہو گا۔ حکام کو مطلوبہ معلومات فراہم نہ کرنے، معائنے میں تعاون سے گریز کرنے یا ریکارڈ ضائع کرنے پر بھی جرمانے عائد کیے جا سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: افغانستان کے لیے امریکا کا سخت ترین سفری انتباہ برقرار
بغیر منظوری کانفرنس، سیمینار، اجتماعات یا دیگر تقریبات منعقد کرنے پر پہلے تنبیہ اور پھر جرمانے کی سزا ہو گی۔ جبکہ عبادت گاہ کو اس کے منظور شدہ مقاصد سے ہٹ کر استعمال کرنے پر پہلی خلاف ورزی میں ایک لاکھ، دوسری میں دو لاکھ اور تیسری میں چار لاکھ درہم جرمانہ ہو سکتا ہے۔
حکام کی جانب سے عائد جرمانے یا دیگر سزاؤں کے خلاف اطلاع ملنے کے 15 دن کے اندر اپیل دائر کی جا سکے گی۔ متعلقہ حکام کو اپیل پر فیصلہ کرنے کے لیے 30 کاروباری دن دیے گئے ہیں۔ جرمانے کی رقم 30 دن کے اندر ادا کرنا ہو گی اور وصول شدہ رقم متعلقہ امارت کے خزانے میں جمع کرائی جائے گی۔












