اسلام آباد(پاک ترک نیوز) پیٹرولیم لیوی کے خاتمے اور عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریلیف دینے کے معاملے پر حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، دونوں فریقین مجوزہ معاہدے کے بنیادی نکات پر متفق ہوگئے ہیں، جبکہ حتمی فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی ممکنہ ملاقات میں متوقع ہے۔جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے وزارت خارجہ میں مذاکرات کے دسویں دور کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے ساتھ مجوزہ معاہدے کے بنیادی خدوخال طے پاگئے ہیں، اب حتمی فیصلوں کا مرحلہ قریب ہے۔
لیاقت بلوچ کے مطابق یہ مذاکرات اب تک ہونے والے تمام ادوار میں سب سے اہم تھے، جماعت اسلامی کا بنیادی مقصد عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری اور واضح ریلیف دلانا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مذاکرات میں دو بنیادی امور زیر بحث آئے، جن میں عوام کو ریلیف کی فراہمی اور اس مقصد کے حصول کے لیے عملی اقدامات پر اتفاق شامل ہے۔
جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم لیوی فوری ختم کی جائے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی لائی جائے اور موجودہ ریلیف پیکیج کا دائرہ کار بڑھایا جائے۔لیاقت بلوچ کے مطابق جماعت اسلامی نے ایک ہزار سی سی تک گاڑیوں اور زرعی شعبے، خصوصاً ٹریکٹروں کو بھی ریلیف پیکیج میں شامل کرنے کی تجویز دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے بھی تسلیم کیا ہے کہ پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کا مطالبہ جائز ہے اور اس سے عوام کو خاطر خواہ ریلیف مل سکتا ہے۔لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ حکومت نے لیوی کے خاتمے کے لیے آئندہ کا لائحہ عمل پیش کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، تاہم مالی مشکلات بھی بیان کی ہیں۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عالمی مالیاتی فنڈ سے مذاکرات کرکے عوامی ریلیف کے اقدامات جاری رکھنے کی کوشش کرے۔انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکمران اپنے شاہانہ اخراجات اور غیر ترقیاتی بجٹ میں کمی کرنے کو تیار نہیں، جبکہ محصولات جمع کرنے کے اہداف بھی حاصل نہیں کیے جارہے، مالی کمزوریوں کا بوجھ عام شہریوں پر منتقل کرنا درست نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون اور اہلیہ کا امریکی پوڈکاسٹر کینڈیس اوونز کے خلاف نیا ہتکِ عزت کا مقدمہ
جماعت اسلامی کے مطابق دونوں فریقین نے مجوزہ معاہدے کا مسودہ تیار کرنے پر بھی کام کیا ہے، تاہم جماعت کا آئندہ لائحہ عمل حکومت کے حتمی جواب سے مشروط ہوگا۔لیاقت بلوچ نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی غیر معینہ مدت تک مذاکرات جاری نہیں رکھے گی، اگر بات چیت سے کوئی نتیجہ برآمد نہ ہوا تو جماعت اپنا راستہ اختیار کرے گی، جس میں اسلام آباد کی جانب مجوزہ لانگ مارچ بھی شامل ہے۔دوسری جانب دفتر خارجہ نے مذاکرات کو تعمیری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی مشکلات کے حل کے لیے مسلسل مشاورت اور تعاون کی ضرورت پر وسیع اتفاق رائے پایا گیا ہے۔
یاد رہے کہ جماعت اسلامی گزشتہ دو ماہ سے زائد عرصے سے پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کا مطالبہ کررہی ہے۔ ستمبر میں جماعت نے اسلام آباد کی جانب احتجاجی مارچ شروع کیا تھا، تاہم وزیراعظم شہباز شریف کی درخواست پر اسے عارضی طور پر مؤخر کردیا گیا تھا۔












