لاہور(پاک ترک نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ چھوٹے صوبوں کا قیام قومی ضرورت ہے، اس سے عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔ نئے صوبوں کا قیام پی ٹی آئی کے منشور کا حصہ ہے اور پارٹی اصولی طور پر اس کی حامی ہے، تاہم اس حوالے سے تمام آئینی تقاضے پورے کیے جانے چاہئیں۔
شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر حکومت نے تاحال پی ٹی آئی سے کوئی رابطہ نہیں کیا۔ اگر حکومت رابطہ کرتی ہے تو پارٹی مشاورت کے بعد فیصلہ کرے گی۔ 28ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے بھی حکومت نے پی ٹی آئی سے کوئی رابطہ نہیں کیا۔
پی ٹی آئی رہنما نے پارٹی کے اندر اختلافات ختم کرکے مفاہمت کا راستہ اپنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اداروں سے لڑائی کا کوئی فائدہ نہیں، تمام مسائل کا حل پارلیمنٹ سے نکلے گا۔ اداروں اور پی ٹی آئی کی لڑائی کا فائدہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کو ہوا، جبکہ نقصان تحریک انصاف کی قیادت اور کارکنوں کو اٹھانا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں بن سکتا، پارٹی بیرسٹر گوہر کی قیادت میں متحد ہے اور ووٹ صرف بانی پی ٹی آئی کا ہے۔ ان کے مطابق تحریک انصاف کی مقبولیت آج بھی برقرار ہے، ملک میں شفاف انتخابات کرائے جائیں۔
بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق شوکت یوسفزئی نے کہا کہ آدھی رات کو اڈیالہ جیل میں طبی ٹیم کا جانا کئی سوالات کو جنم دیتا ہے۔ حکومت بانی پی ٹی آئی کی اصل صحت سے متعلق حقائق چھپا رہی ہے، ان کی طبی رپورٹس خاندان کے حوالے کی جائیں۔ علاج میں غفلت، ملاقاتوں پر پابندی اور وکلا تک رسائی نہ دینا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرائی جائے اور انہیں اسپتال منتقل کیا جائے، اس سے موجودہ مسائل حل کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں اور بشریٰ بی بی کی رہائی بھی ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : راولپنڈی ٹیسٹ: پاکستان نے پہلی اننگز 434 رنز پر ڈیکلیئر کر دی
ملکی معاشی صورت حال پر بات کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور بیرونی قرضوں نے عوام کو بدحال کر دیا ہے، جبکہ آئی پی پیز نے ملکی معیشت کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
دہشت گردی کے معاملے پر ان کا کہنا تھا کہ اس کے خاتمے کے لیے پی ٹی آئی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے اور نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمد ہونا چاہیے۔












