لاہور( پاک ترک نیوز) کیا انسان کے سر میں موجود دماغ دراصل ایک ہی عضو نہیں؟سائنسدانوں نے دماغ کی تشکیل سے متعلق ایسا راز دریافت کیا ہے جو انسانی ارتقا کو سمجھنے میں اہم ثابت ہوسکتا ہے۔تحقیق میں سامنے آیا کہ دماغ کے مختلف حصے جن خلیاتی راستوں سے بنتے ہیں، ان میں حیران کن فرق موجود ہے۔۔۔ اور یہی دریافت خطرناک اعصابی بیماریوں کے علاج کی نئی امید بھی پیدا کر رہی ہے۔ہم سب جانتے ہیں کہ ہمارے سر میں ایک دماغ ہے۔۔۔لیکن دماغ بنتا کیسے ہے؟یہ سوال سائنسدانوں کو کئی دہائیوں سے پریشان کرتا رہا۔خاص طور پر پچھلے دماغ کے مخصوص اعصابی خلیات کو تجربہ گاہ میں تیار کرنا ایک مشکل مرحلہ تھا۔
ماہرین نے انسانی جنین کی ابتدائی نشوونما کا جائزہ لیا تو معلوم ہوا کہ دماغ کے مختلف حصے ایک جیسے خلیاتی راستے سے نہیں بنتے۔اگلا اور درمیانی دماغ بنانے والے خلیات کی شناخت مختلف تھی، جبکہ پچھلے دماغ کے خلیات کا پیدائشی راستہ الگ نکلا۔یعنی دماغ کے حصوں کی تشکیل میں قدرت نے ابتدا ہی سے ایک پیچیدہ تقسیم رکھی ہوئی ہے۔حیرت انگیز بات یہ ہے کہ ارتقائی تاریخ میں اس تقسیم کے آثار بہت قدیم جانداروں میں بھی دیکھے گئے ہیں۔سائنسدانوں کے مطابق یہ تحقیق اس بات کو سمجھنے میں مدد دے سکتی ہے کہ کروڑوں سال کے دوران مختلف اعصابی نظام کس طرح ارتقا پذیر ہوئے۔لیکن اصل اہمیت صرف انسانی ارتقا تک محدود نہیں۔ماہرین نے پچھلے دماغ کے موٹر اعصابی خلیات کو تجربہ گاہ میں تیار کرنے میں پیش رفت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایچ ای سی کا کمپیوٹر اور آئی ٹی کے طلبہ کے لیے لازمی مہارت ٹیسٹ متعارف کرانے کا اعلان
یہی خلیات ایسی بیماریوں میں متاثر ہوتے ہیں جن میں رفتہ رفتہ جسم کے پٹھے کمزور ہونے لگتے ہیں۔اب سائنسدان ان خلیات کو بیماریوں کے مطالعے اور ممکنہ علاج کی تحقیق کے لیے استعمال کرسکتے ہیں۔یعنی کروڑوں سال پرانے ارتقائی راز کی کھوج۔۔۔آج کے مریضوں کے لیے نئی امید بن سکتی ہے۔تو سوال اب بھی باقی ہے۔۔۔کیا ہمارا دماغ صرف ایک عضو ہے، یا اس کے اندر چھپی ہوئی ارتقائی کہانی ہماری سوچ سے کہیں زیادہ پیچیدہ ہے؟







