موغادیشو(پاک ترک نیوز)صومالیہ نے صومالی لینڈ میں اسرائیلی سفارت خانہ قائم کرنے کے منصوبے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اسرائیل کی جانب سے سفیر مقرر کرنے کی شدید مخالفت کردی۔صومالی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ صومالی لینڈ میں اسرائیل کے سفارتی اقدامات صومالیہ کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی وحدت کی خلاف ورزی ہیں۔ صومالی حکومت کے مطابق صومالی لینڈ اب بھی وفاقی جمہوریہ صومالیہ کا لازمی حصہ ہے۔
صومالی حکومت نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ کسی خودمختار ملک کی اجازت کے بغیر اس کے علاقے میں سفارتی مشن قائم کرنا بین الاقوامی قوانین اور سفارتی تعلقات سے متعلق ویانا کنونشن کی خلاف ورزی ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ صومالیہ دہشت گرد تنظیم الشباب کے خلاف امریکا کے ساتھ قریبی فوجی تعاون بھی کررہا ہے، تاہم اس کے باوجود اسرائیل کے سفارتی اقدامات کی مخالفت پر قائم ہے۔امریکی افواج صومالی فوج کے ساتھ مل کر الشباب کے ٹھکانوں پر فضائی حملے بھی کرتی ہیں۔ امریکی افریقہ کمانڈ کے مطابق ان کارروائیوں کا مقصد تنظیم کی عسکری صلاحیتوں کو کمزور کرنا ہے۔
صومالی لینڈ میں اسرائیل کے سفارتی منصوبے کو چین، سعودی عرب، ترکی اور مصر کی جانب سے بھی مخالفت کا سامنا ہے۔اسرائیل نے دسمبر 2025 میں صومالی لینڈ کو آزاد ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد وہ ایسا کرنے والا اقوام متحدہ کا پہلا رکن ملک بن گیا تھا۔اسرائیلی وزیر خارجہ گیڈون ساعر نے صومالی لینڈ کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے، جبکہ اسرائیل نے اس کے دارالحکومت ہرگیسا میں سفارت خانہ قائم کرنے کی تیاری بھی شروع کردی ہے۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لن جیان نے خبردار کیا ہے کہ کوئی ملک اپنے مفادات کے لیے دوسرے ممالک کی علیحدگی پسند قوتوں کی حمایت نہ کرے۔
ترک صدر رجب طیب اردوان نے بھی صومالیہ کی وحدت اور علاقائی سالمیت کو اہم قرار دیتے ہوئے اسرائیل کی جانب سے صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے کے فیصلے کو ناقابل قبول کہا ہے۔سعودی عرب نے بھی صومالیہ کی علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے، جبکہ مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کے اقدامات خطے اور عالمی امن و استحکام کے لیے خطرناک مثال بن سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ٹینٹ پیگنگ ورلڈ کپ 2026، قومی ٹیم اردن روانہ
صومالی لینڈ خلیج عدن اور بحیرہ احمر کے قریب ایک اہم جغرافیائی محل وقوع رکھتا ہے، جہاں سے عالمی تجارت اور بحری جہازوں کی آمدورفت ہوتی ہے۔اسرائیل کی جانب سے سفارتی تعلقات بڑھانے اور سفارت خانہ قائم کرنے کے اقدامات نے خطے میں نئی سفارتی کشیدگی پیدا کردی ہے۔
صومالیہ کا کہنا ہے کہ وہ اپنی علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، جبکہ اسرائیل صومالی لینڈ کے ساتھ تعلقات آگے بڑھانے کے لیے پُرعزم ہے۔











