واشنگٹن ( پاک ترک نیوز) امریکا نے سائبر جرائم اور آن لائن دھوکا دہی کے نیٹ ورکس کے خلاف کارروائی کے لیے افریقی ملک نائجیریا سے تعاون بڑھا دیا، فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ پر فراڈ کی شکایات سب سے زیادہ سامنے آئیں۔امریکی شہریوں کو آن لائن فراڈ کے باعث گزشتہ سال 148 ارب 20 کروڑ ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا، جبکہ فی امریکی گھرانے کا اوسط نقصان ایک ہزار 9 ڈالر رہا۔ بڑھتے ہوئے سائبر جرائم کے پیش نظر امریکا نے عالمی سطح پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون تیز کردیا ہے۔بزنس انسائیڈر کی رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے نائب اسسٹنٹ سیکریٹری مائیکل گونزالس نے حال ہی میں نائجیریا کے دارالحکومت ابوجا کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے حکومتی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔رپورٹ کے مطابق آن لائن فراڈ میں کرپٹو کرنسی اسکیمیں، محبت کے نام پر دھوکا دہی اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے کیے جانے والے فراڈ شامل ہیں۔ امریکی کنزیومر فیڈریشن کے مطابق آن لائن فراڈ سے ہونے والا حقیقی مالی نقصان 2025 میں ایف بی آئی کو رپورٹ کیے گئے نقصانات سے سات گنا سے بھی زیادہ رہا۔ مجموعی نقصان میں نصف سے زیادہ حصہ کرپٹو کرنسی فراڈ کا تھا، جبکہ مصنوعی ذہانت سے متعلق دھوکا دہی کے باعث مزید 6 ارب 30 کروڑ ڈالر کا نقصان ہوا۔
رپورٹ میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو فراڈ کے لیے استعمال ہونے والا بڑا ذریعہ قرار دیا گیا ہے۔ فراڈ کی شکایات میں میٹا کی ملکیت فیس بک 57 فیصد کے ساتھ پہلے، انسٹاگرام 22 فیصد کے ساتھ دوسرے اور واٹس ایپ 8 فیصد کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔رپورٹ میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ میٹا کی اندرونی تخمینوں کے مطابق کمپنی کی سالانہ آمدن کا تقریباً 10 فیصد، یعنی لگ بھگ 16 ارب ڈالر، مبینہ طور پر فراڈ اور ممنوعہ اشیا کی تشہیر کرنے والے اشتہارات سے حاصل ہوتا ہے۔ اس معاملے پر میٹا کو صارفین کے تحفظ میں ناکامی کے الزامات اور قانونی کارروائیوں کا سامنا ہے۔دوسری جانب امریکا اور نائجیریا نے سائبر جرائم کے خلاف مشترکہ کارروائیاں تیز کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ مائیکل گونزالس نے نائجیریا کے اقتصادی و مالیاتی جرائم کے کمیشن اور پولیس حکام سے ملاقات میں انٹیلی جنس معلومات کے فوری تبادلے، مشترکہ تحقیقات اور ملزمان کی حوالگی پر بات چیت کی۔
یہ بھی پڑھیں: بوئنگ اور ساب کے ٹی 7 اے تربیتی طیارے نے اہم سنگِ میل عبور کرلیا
رپورٹ کے مطابق 2022 سے اب تک ایف بی آئی کے ابوجا میں قائم لیگل اتاشی دفتر اور نائجیریا کے اقتصادی و مالیاتی جرائم کے کمیشن نے 41 ملزمان کی حوالگی میں تعاون کیا ہے۔ ان میں ایسے ملزمان بھی شامل ہیں جنہیں امریکی بچوں کو جنسی بلیک میلنگ کا نشانہ بنانے کے الزامات کا سامنا ہے۔












