پشاور (پاک ترک نیوز )پشاور میں پی ٹی آئی کے دور حکومت میں منظور کی گئی سالانہ ترقیاتی اسکیموں کی چھان بین شروع کر دی گئی ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق سابق حکومت کے دور میں 1224 نئی ترقیاتی اسکیمیں شامل کی گئی تھیں، جن کی مجموعی لاگت کا تخمینہ ایک ہزار 348 ارب روپے لگایا گیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان اسکیموں کے لیے رواں مالی سال کے بجٹ میں 107 ارب روپے مختص کیے گئے تھے، تاہم متعلقہ فورمز سے اب تک منظوری حاصل نہ کرنے والی اسکیموں کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق زیر جائزہ اسکیموں میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور اسپیکر بابر سلیم کے حلقوں کی ترقیاتی اسکیمیں بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کی مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور نے کہا ہے کہ تمام ترقیاتی اسکیموں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور اس عمل میں کسی قسم کا سیاسی اثر و رسوخ استعمال نہیں ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ بعض اسکیموں پر نظرثانی کی جائے گی جبکہ بعض کو جوں کا توں برقرار رکھا جائے گا۔ تمام فیصلے کیس ٹو کیس اور میرٹ کی بنیاد پر کیے جائیں گے۔











