اسلام آباد(پاک ترک نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کی تیزی سے بڑھتی ہوئی اہمیت اور ٹیکنالوجی میں تیز رفتار تبدیلیوں کے پیش نظر ملک میں مؤثر ریگولیٹری فریم ورک اور پالیسی سازی کی اشد ضرورت ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ سوشل میڈیا سے متعلق آگاہی بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں ڈیجیٹل تعلیم کو فروغ دینا ہوگا، جبکہ نصاب کو بھی ڈیجیٹل دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ جعلی خبروں سے متعلق آگاہی پیدا کرنا اور بچوں کو سائبر حملوں سے محفوظ رہنے کی تربیت دینا بھی ناگزیر ہے۔ سائبر سکیورٹی سے متعلق معلومات ہر شہری تک پہنچانا ہوں گی تاکہ لوگ آن لائن خطرات سے محفوظ رہ سکیں۔
عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت اور اجلاس منعقد کرنا ہوں گے، جبکہ مختلف تربیتی پروگرامز کے ذریعے عوام میں شعور اجاگر کرنا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: سائبر سکیورٹی کے لیے تھرڈ پارٹی وینڈرز بھی بڑا خطرہ قرار
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مختلف ٹیمیں موجود ہیں، تاہم اس شعبے میں مزید پیش رفت کی ضرورت ہے۔ نوجوان نسل، خصوصاً جنریشن زی، کو بھی اس عمل کا حصہ بنانا ہوگا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہمیں اپنے مستقبل کے معماروں کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے تاکہ پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل کو محفوظ بنایا جا سکے۔






