اسلام آباد (پاک ترک نیوز )پاکستان نے چین کی ون چائنا پالیسی کی حمایت کرتے ہوئے تائیوان کی ایئرلائنز کے لیے اپنی فضائی حدود بند کر دی ہیں۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے بلومبرگ نیوز سے گفتگو میں تصدیق کی کہ پاکستان کی ایوی ایشن ڈویژن ون چائنا پالیسی پر عمل پیرا ہے اور صرف مین لینڈ چین کی ایئرلائنز کو پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت ہے۔
فلائٹ ریڈار 24 کے ڈیٹا کے مطابق تائیوان کی دو بڑی ایئرلائنز، چائنا ایئرلائنز اور ایوا ایئر نے 25 اکتوبر سے پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنا بند کر دی ہیں اور اپنی پروازوں کے راستے تبدیل کر لیے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ان ایئرلائنز کی کم از کم ایک درجن پروازیں ایشیا اور یورپ کے درمیان سفر کے لیے روسی فضائی حدود استعمال کر چکی ہیں۔
بلومبرگ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی یہ پابندیاں مین لینڈ چین کی پالیسی سے بھی زیادہ سخت ہیں، کیونکہ چین تائیوان کی ایئرلائنز کو اپنی فضائی حدود سے گزرنے کی اجازت دیتا ہے۔
پاکستانی فضائی حدود کی بندش کے باعث تائیوانی ایئرلائنز کو متبادل اور طویل راستے اختیار کرنا پڑ رہے ہیں، جس سے پروازوں کے دورانیے اور جیٹ فیول کے اخراجات میں اضافے کا خدشہ ہے۔ اس صورتِ حال سے ایئرلائنز کے آپریشنل اخراجات اور مالی معاملات متاثر ہو سکتے ہیں۔











