کراچی (پاک ترک نیوز )کراچی میں پولیس نے منشیات کی ترسیل کے بڑے نیٹ ورک کا سراغ لگا کر کارروائی کی ہے، پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں ایک ہی خاندان کے مختلف افراد شامل ہیں۔
ڈی آئی جی ایسٹ فرخ لنجار نے ایس ایس پی کورنگی فدا حسین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی میں منشیات کی ترسیل اور فروخت میں ملوث ایک گروہ کو گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق اس نیٹ ورک کو لاہور میں موجود مہوش نامی خاتون چلاتی ہے، جو مبینہ طور پر افغانستان سے منشیات منگواتی ہے، جبکہ کراچی میں اس کی بھابھی منشیات کی سپلائی اور فروخت کا نیٹ ورک چلاتی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حرا نامی خاتون اور اس کا شوہر پرویز بھی منشیات فروشی میں مبینہ طور پر ملوث ہیں۔ حرا کا بیٹا اور دیور بھی کراچی میں منشیات کی فروخت میں شامل بتائے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق افغانستان سے آنے والی منشیات کراچی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں سپلائی کی جاتی تھی۔
کارروائی کے دوران 19 کلو منشیات برآمد کی گئی، جس کی مالیت پولیس کے مطابق تقریباً 25 کروڑ روپے ہے۔
پولیس نے کارروائی کے دوران ایک خاتون اور اس کے دیور کو گرفتار کرلیا ہے، جبکہ نیٹ ورک کے دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائی جاری ہے۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے تاکہ منشیات کی سپلائی کے دیگر ذرائع اور نیٹ ورک میں شامل افراد تک پہنچا جا سکے۔











