انقرہ (پاک ترک نیوز )ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں یومِ دفاع و شہداء کی پروقار تقریب پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ دوستی، محبت اور برادرانہ تعلقات کی خوبصورت عکاس بن گئی۔
تقریب میں ترک وزیر دفاع یاشار گولر سمیت اعلیٰ ترک حکام اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز پاکستان اور ترکیہ کے قومی ترانوں سے ہوا، جبکہ ملی نغموں اور قومی ترانوں نے ماحول کو جذبۂ حب الوطنی سے سرشار کر دیا۔
انقرہ میں منعقدہ تقریب کے دوران پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں اور خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا، جبکہ دونوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کو بھی اجاگر کیا گیا۔
اس موقع پر پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید نے پُرجوش انداز میں پاکستان پائندہ باد، پاک ترک بھائی چارہ زندہ باد کا نعرہ بلند کیا۔
تقریب سے خطاب میں ترک وزیر دفاع یاشار گولر نے پاکستان کو صرف دوست ملک ہی نہیں بلکہ ترکیہ کا اہم شراکت دار قرار دیا۔
یاشار گولر نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ ترکیہ کی گہری وابستگی کا اظہار کیا۔
ترک وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاک ترک تعلقات مشترکہ تاریخ، برادرانہ رشتے اور باہمی اعتماد کی مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں۔






