بینکاک (پاک ترک نیوز )تھائی لینڈ نے 60 سے زائد ممالک اور علاقوں کے شہریوں کے لیے بغیر ویزا سفر کی مدت 60 دن سے کم کرکے 30 دن کرنے کا اعلان کردیا ہے، جس کا اطلاق 15 ستمبر سے ہوگا۔
تھائی وزارتِ خارجہ کے مطابق نئی پالیسی کے تحت چین، امریکا اور یورپی یونین کے 27 ممالک سمیت 60 سے زائد ممالک کے شہری اب بغیر ویزا تھائی لینڈ میں زیادہ سے زیادہ 30 دن قیام کرسکیں گے۔
اس سے قبل 90 سے زائد ممالک کے شہری، جن میں یورپ کے شینگن علاقے کے 29 ممالک، چین، بھارت، امریکا اور جنوبی امریکا کے متعدد ممالک شامل تھے، بغیر ویزا 60 دن تک تھائی لینڈ میں رہ سکتے تھے۔
تھائی حکام کے مطابق ویزا فری قیام کی مدت کم کرنے کا فیصلہ غیر ملکی شہریوں کی جانب سے ویزا نظام کے مبینہ غلط استعمال اور جرائم کے خلاف کارروائی کا حصہ ہے۔
حالیہ عرصے میں تھائی لینڈ میں متعدد غیر ملکیوں کو منشیات، جنسی اسمگلنگ اور مناسب اجازت نامے کے بغیر ہوٹلوں اور اسکولوں جیسے کاروبار چلانے کے الزامات میں گرفتار کیا گیا ہے۔
تھائی وزیر خارجہ سیہاسک پھوانگ کیٹکیو کے مطابق حکومت ایسے افراد کے خلاف کارروائی سخت کرنا چاہتی ہے جو ویزا سہولت کا غلط استعمال کرتے ہوئے ملک میں جرائم کرتے ہیں۔
پیرو، برازیل اور جنوبی کوریا کے شہریوں کو اب 90 دن تک بغیر ویزا قیام کی اجازت ہوگی، جو پہلے 60 دن تھی۔
حکومت کے مطابق سیاح اپنی قیام کی مدت ایک مرتبہ مزید بڑھانے کی درخواست بھی دے سکیں گے، تاہم اس کا فیصلہ متعلقہ امیگریشن افسر کی صوابدید پر ہوگا۔
دوسری جانب تقریباً 20 ممالک کے شہریوں کے لیے ویزا فری قیام کی نئی مدت کے بارے میں صورتحال ابھی واضح نہیں، جبکہ تھائی وزارتِ خارجہ کے ایک عہدیدار نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔












