چنگڈو (پاک ترک نیوز)
صدر آصف علی زرداری نے ثقافتی تبادلوں کو وسعت دینے، تخلیقی صنعتوں کو مضبوط بنانے اور افہام و تفہیم اور رواداری کے کلچر کو فروغ دینے کے لیے چین اور دیگر ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پاکستان کی تیاری کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ثقافت امن، خوشحالی اور انسانیت کے مشترکہ مستقبل کے لیے ایک اہم پل ہے۔
صدر ہفتے کے روز یہاں دوسرے گولڈن پانڈا ایوارڈز انٹرنیشنل کلچر فورم میں خطاب کر رہے تھے ۔انہوں نے لوگوں کو متحد کرنے اور تہذیبوں کو جوڑنے میں فن اور ثقافت کی طاقت کو اجاگر کیا اور ساتھ ہی پاک چین دوستی کو مستحکم کرنے میں ثقافت کے کردار کو اجاگر کیا۔صدر زرداری نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور چین کی پائیدار دوستی باہمی احترام اور تعاون کے نمونے کے طور پر کھڑی ہے۔جب دونوں ممالک اگلے سال سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ منانے کی تیاری کر رہے ہیں، انہوں نے یاد دلایا کہ یہ شراکت داری نہ صرف اسٹریٹجک رہی بلکہ ان کے عوام کے درمیان دوستی کے گہرے رشتوں کا زندہ ثبوت بھی ہے۔
صدر زرداری نے "تہذیب کے تبادلے اور باہمی سیکھنے” کے چین کے وژن کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کو اجاگر کیا اور گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (جی ڈی آئی)، گلوبل سیکیورٹی انیشیٹو (جی ایس آئی) اور گلوبل گورننس انیشیٹو (جی جی آئی) کی اہمیت پر زور دیا۔جن کی توجہ پائیدار ترقی، علاقائی استحکام، اور مزید بین الاقوامی تعاون پر مرکوز ہے۔
انہوں نے گلوبل گورننس اینیشی ایٹوکی اہمیت پر زور دیا جس نے تہذیبوں کے تنوع، ثقافتوں کے درمیان مساوات، لوگوں سے لوگوں کے تبادلے، اور ثقافتی مکالمے کو "تہذیبوں کے تصادم” کے بیانیے کے انسداد کے طور پر فروغ دیا ہے۔
صدر نے کہا کہ دنیا ڈرامائی تبدیلیوں سے گزر رہی ہے اور صدر شی جن پنگ کی قیادت میں تصادم کے بجائے تعاون اور جیت کے حل کی پیش کش کرنے پر چین کو بین الاقوامی سطح پر سراہا جانا چاہیے۔












