کراچی(پاک ترک نیوز) شہر قائد کے باسیوں کے لیے خطرے کی گھنٹی دوبارہ بج گئی، محکمہ موسمیات نے آج دوپہر سے کراچی میں دوبارہ گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش اور طوفانی ہواؤں کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کا کم دباؤ آج بھی شدت کے ساتھ فعال ہے اور سندھ بھر خصوصاً کراچی میں دوپہر سے شام اور رات کے دوران گرج چمک، آندھی اور شدید بارش کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج شہر بھر میں کل کے مقابلے میں زیادہ تیز بارش ہو سکتی ہے، جس کے نتیجے میں اربن فلڈنگ کے امکانات رہیں گے۔27 اگست کو ایک اور مون سون سلسلہ کراچی سمیت دیہی سندھ پر اثر انداز ہوگا۔
چیف میٹرولوجسٹ کراچی امیر حیدر لغاری کا کہنا تھا کہ بارش کے سسٹم کے اردگرد ہواؤں کی گردش بھی چل رہی ہوتی ہے لہٰذا بارش کے دوران کراچی میں معمول سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔
امیرحیدر لغاری کا کہنا تھا کہ آج رات گئے سے مون سون سسٹم کمزور ہونا شروع ہوگا، امکان ہے کہ جمعہ کی صبح بارش کا سسٹم بتدریج کمزور ہونے کے بعد ختم ہو جائے گا۔
چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق جمعہ اور ہفتے کو شہر کا مطلع مکمل ابرآلود جبکہ اتوار اور پیر کو جزوی ابرآلود رہ سکتا ہے، مون سون سسٹم کے اثرات کے سبب اگلے چند روز تک موسم معتدل رہنے کی توقع ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز شہر کے مختلف علاقوں میں تیز بارش نے نظامِ زندگی کو درہم برہم کر دیا تھا۔
درجہ حرارت کی بات کریں تو آج کم از کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ زیادہ سے زیادہ 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے لیکن حبس اور نمی کی شدت عوام کو شدید بے چینی میں مبتلا کر رہی ہے۔












