لاہور( پاک ترک نیوز) پاکستان کے لیے ایک بڑی اور حوصلہ افزا خبر سامنے آئی ہے جس نے نہ صرف کھیلوں کے شوقین افراد کو خوش کر دیا ہے بلکہ عالمی سطح پر بھی ملک کا نام روشن کیا ہے۔
سابق وزیرِاعظم عمران خان کے بھانجے، شہریز خان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایشین گیمز 2026 کی ٹرائیتھلون ٹیم کے لیے ٹاپ کوالیفائر کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔
یہ اہم ایونٹ جاپان میں منعقد ہوگا، جہاں پاکستان کے نوجوان ایتھلیٹس کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا بہترین موقع ملے گا۔
شہریز خان نے انسٹاگرام پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس کامیابی پر بے حد شکر گزار ہیں۔ ان کے مطابق یہ سب ان کی مسلسل محنت، سخت ٹریننگ اور اپنے خواب سے جڑے رہنے کا نتیجہ ہے۔ وہ اب آئرن مین مقابلوں سے آگے بڑھتے ہوئے اسپرنٹ ڈسٹنس ٹرائیتھلون میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے، جو ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔
ان کا سفر 2022 میں اسلام آباد ہاف میراتھن کے بعد شروع ہوا، اور اب تک وہ سات بین الاقوامی آئرن مین 70.3 ایونٹس میں حصہ لے چکے ہیں۔
ان کی شاندار کارکردگی نے انہیں دنیا کے ٹاپ 5 فیصد آئرن مین ایتھلیٹس میں شامل کر دیا ہے، جو پاکستان کے لیے ایک اہم اعزاز ہے۔
تاہم یہ کامیابی آسانی سے حاصل نہیں ہوئی۔ 2025 میں سفری پابندیوں کے باعث وہ ایک بڑے ورلڈ چیمپئن شپ ایونٹ میں شرکت نہ کر سکے، جو ان کے کیریئر کے لیے ایک بڑا دھچکا تھا۔ لیکن انہوں نے ہمت نہیں ہاری، اور آج وہ پاکستان کے لیے ایک نئی امید بن کر سامنے آئے ہیں۔











