تہران ( پاک ترک نیوز ) ایران کے امریکی تنصیبات اور اسرائیل پر حملے جاری ہیں ،پاسداران انقلاب نے اسرائیل پر کلسٹر بموں کی بارش کردی ۔،تل ابیب میں کثیر المنزلہ عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا ، میزائل اسرائیلی فضا میں داخل ہوتے ہی سائرن بج اٹھے، لوگ شیلٹرز میں پناہ لینے پر مجبور ہوگئے۔اسرائیل نے ایران کی جانب سےکلسٹر بموں سے حملوں میں ایک شخص کی ہلاکت اور 2 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کر دی ۔ایرانی فوج نے کویت کی الشویخ بندرگاہ پر امریکا کے 6 ٹیکٹیکل جہازوں کو نشانہ بنایا ، پاسداران انقلاب نے امریکا کے چھ بحری جہاز تباہ کرنے اور دبئی میں ساحل اور ہوٹل پر حملے کر کےکئی امریکی فوجیوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق 3 لڑاکا جہاز سمندر میں غرق ہوگئے جبکہ دیگر 3 میں آگ لگی ہوئی ہے۔پاسداران انقلاب کے مطابق وعدہ صادق چہارم نامی آپریشن کے تحت دشمن پر حملے کی 84 ویں لہر میں دبئی کے ساحل اور ایک ہوٹل میں امریکی اہلکاروں کو خودکش ڈرونز سے نشانہ بنایا گیا۔سعودی عرب کے علاقے الخرج میں پرنس سلطان ائربیس کو بھی نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے جس میں ری فیولنگ اور ائرسپورٹ فلیٹ کو ہدف بنایا گیا۔ لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے بیروت میں اسرائیلی جنگی طیارے پر زمین سے فضا میں مارکرنے والا میزائل فائر کرنےکا دعویٰ کیا ہے۔












