پشاور(پاک ترک نیوز)ملتان کے علاقے شیر شاہ اسٹیشن کے قریب کراچی سے پشاور جانے والی رحمان بابا ایکسپریس کو حادثہ پیش آیا ہے، جہاں ٹرین کی 14 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے میں 5 مسافر جاں بحق جبکہ 30 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
حادثے کے فوری بعد امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں، جبکہ زخمیوں اور دیگر مسافروں کو ٹرین کی متاثرہ بوگیوں سے نکالنے کا عمل جاری ہے۔ ریلوے انتظامیہ کے مطابق ٹرین میں 500 سے 600 مسافر سوار تھے۔
ریسکیو کارروائیوں کے لیے امدادی ٹرینیں اور طبی عملہ جائے حادثہ کی جانب روانہ کیا گیا۔ ایک بوگی کو کاٹ کر مسافروں کو نکالا گیا، جبکہ متاثرہ بوگیوں میں امدادی کارروائیاں جاری رہیں۔ انتظامیہ کے مطابق 13 بوگیوں کو کلیئر کر دیا گیا تھا، جبکہ ایک مزید بوگی میں کارروائی جاری تھی۔
یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ میں پاک فوج کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ،میجر اور کیپٹن شہید
حادثے کے باعث اپ اور ڈاؤن دونوں ریلوے ٹریکس پر ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہو گئی ہے۔ ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد ٹریک کی بحالی کا کام شروع کیا جائے گا۔
دوسری جانب پریم یونین کے مرکزی صدر شیخ محمد انور نے آئے روز پیش آنے والے ٹرین حادثات پر وزیراعظم پاکستان سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔












