لاہور( پاک ترک نیوز) ٹیلی نار پاکستان اور یو فون کا انضمام ہو گیا ، پی ٹی اے نے سخت شرائط کے ساتھ منظوری دے دی ۔
انضمام کے بعد یو فون کو ٹیلی نار کی تمام قانونی، مالی، اور ریگولیٹری ذمہ داریاں قبول کرنی ہوں گی۔ قانونی انضمام مکمل ہونے تک دونوں کمپنیاں الگ الگ کام کریں گی اور تمام لائسنس شرائط کی پابندی کریں گی۔ کم از کم چھ ماہ کے لیے کسی تبدیلی کی اجازت نہیں، تاکہ مارکیٹ میں خلل نہ آئے۔
انضمام کے بارے میں ملک بھر میں اردو اور انگریزی اخبارات میں اشتہارات لازمی ہوں گے۔
صارف کی منظوری کے بغیر سبسکرپشن پیکجز خودکار طور پر نہیں بڑھائے جائیں گے 60 دن کے اندر فری "بیلنس سیو سروس” متعارف کرانی ہوگی۔ کسی بھی ویلیو ایڈیڈ سروس (VAS) کو صارف کی تصدیق کے بغیر فعال نہیں کیا جا سکے گا۔
پی ٹی ایم ایل کو ریٹیل یا ہول سیل سروسز کی قیمتیں پی ٹی اے کی پیشگی منظوری کے بغیر بڑھانے یا بدلنے کی اجازت نہیں۔ مارکیٹ میں غیر منصفانہ قیمتیں یا کراس سبسڈائزیشن ممنوع ہے۔







