لاہور(پاک ترک نیوز )لاہور میں مبینہ زیادتی کے کیس میں زیرِ بحث آنے والی 23 سالہ آذربائیجانی شہری ڈیانا باغریوا کا پاکستانی شوہر سے طلاق نامہ منظر عام پر آگیا۔
دستاویز کے مطابق ڈیانا باغریوا کا نکاح پاکستانی شہری سے 12 فروری 2025 کو سرائے عالمگیر، ضلع جہلم میں ہوا تھا۔
دستاویز کے مطابق شادی کی تقریب میں محدود افراد نے شرکت کی۔ بعد ازاں میاں بیوی کے درمیان اختلافات پیدا ہوئے اور شوہر نے ازدواجی زندگی محبت اور الفت کے ساتھ جاری نہ رکھ سکنے کا مؤقف اختیار کرتے ہوئے ڈیانا کو طلاق دے دی۔
طلاق نامے میں تین طلاقوں کی تحریری تصدیق کی گئی ہے، جبکہ عدت مکمل ہونے کے بعد ڈیانا کو دوسری شادی کرنے کی اجازت کا بھی ذکر موجود ہے۔
دستاویز میں طلاق کو اسلامی اصولوں اور پاکستانی قانون کے مطابق قرار دیا گیا ہے، جبکہ یہ بھی درج ہے کہ طلاق کے بعد ڈیانا اپنے سابق شوہر کی جانب سے آزاد ہیں۔
دستاویز پر طلاق دینے والے شوہر اور گواہوں کے لیے الگ جگہ بھی مختص کی گئی ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ڈیانا کے سابق شوہر پاکستانی شہری اور ایک سیاسی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ڈیانا کے فیصل آباد میں قیام کے دوران ایک مقامی شخص سے تعلقات کے معاملے پر بھی پولیس تحقیقات کر رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص شبیر احمد پولیس کی حراست میں ہے۔





