اسلام آباد(پاک ترک نیوز) بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں نے مالی سال 2027 کی پہلی سہ ماہی میں 10 ارب 90 کروڑ ڈالر پاکستان بھیجے، ترسیلاتِ زر میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 14 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی سے ستمبر 2026 کے دوران ترسیلاتِ زر 10 ارب 90 کروڑ ڈالر رہیں، جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یہ رقم 9 ارب 50 کروڑ ڈالر تھی۔
یہ بھی پڑھیں : ریاض ایئرپورٹ پر حملہ، پاکستانی شہری جاں بحق، 11 افراد زخمی
ستمبر 2026 میں بیرونِ ملک پاکستانیوں نے 3 ارب 60 کروڑ ڈالر وطن بھیجے۔ سالانہ بنیاد پر ترسیلاتِ زر میں 12.7 فیصد اضافہ ہوا، تاہم اگست کے مقابلے میں ستمبر کے دوران ان میں 1.9 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2027 کے لیے حکومت نے ترسیلاتِ زر کا سالانہ ہدف 44 ارب ڈالر مقرر کر رکھا ہے۔ ابتدائی تین ماہ کی مثبت کارکردگی سے اس ہدف کے حصول کی امید بڑھ گئی ہے۔
جولائی سے ستمبر کے دوران سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے 2 ارب 68 کروڑ 60 لاکھ ڈالر پاکستان بھیجے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 16.2 فیصد زیادہ ہیں۔
متحدہ عرب امارات سے 2 ارب 23 کروڑ ڈالر موصول ہوئے، جن میں 12.6 فیصد اضافہ ہوا۔ برطانیہ سے ترسیلاتِ زر 19.4 فیصد بڑھ کر ایک ارب 64 کروڑ 30 لاکھ ڈالر ہوگئیں، جبکہ یورپی یونین کے ممالک سے ایک ارب 40 کروڑ ڈالر پاکستان پہنچے۔
خلیج تعاون کونسل کے دیگر رکن ممالک، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے علاوہ، سے ایک ارب ڈالر موصول ہوئے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 11.7 فیصد زیادہ ہیں۔
ستمبر کے دوران سعودی عرب سے 89 کروڑ 90 لاکھ ڈالر، متحدہ عرب امارات سے 74 کروڑ 85 لاکھ ڈالر، برطانیہ سے 51 کروڑ 51 لاکھ ڈالر اور امریکا سے 30 کروڑ 59 لاکھ ڈالر پاکستان بھیجے گئے۔








