واشنگٹن(پاک ترک نیوز) امریکی حکام نے ڈیموکریٹ رکنِ کانگریس الہان عمر کے کئی دہائیاں پرانے امیگریشن ریکارڈ کی تحقیقات شروع کر رکھی ہیں، جن کا ایک ممکنہ مقصد ان کی امریکی شہریت ختم کرکے انہیں ملک بدر کرنا بھی ہوسکتا ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق رواں ہفتے اس معاملے سے واقف تین افراد نے بتایا کہ وفاقی اہلکاروں کی جانب سے الہان عمر کے گھر پر علی الصبح چھاپہ اسی تحقیقات کا حصہ تھا۔ تحقیقات کا مرکز یہ معلوم کرنا ہے کہ آیا صومالیہ میں پیدا ہونے والی الہان عمر یا ان کے رشتہ داروں نے 1990 کی دہائی کے وسط میں امریکا میں پناہ گزین کے طور پر داخلے یا بعد ازاں امریکی شہریت حاصل کرنے کے عمل کے دوران غلط معلومات فراہم کی تھیں۔
ذرائع کے مطابق چھاپے کے لیے حاصل کیے گئے عدالتی وارنٹ میں سازش، امیگریشن دستاویزات میں غلط بیانی اور امیگریشن فراڈ جیسے ممکنہ جرائم کا ذکر کیا گیا ہے۔ تفتیشی اہلکاروں نے الہان عمر کا ذاتی موبائل فون بھی قبضے میں لیا، جبکہ وفاقی استغاثہ نے ایک درجن سے زائد افراد کو طلبی کے نوٹس جاری کیے، جن میں الہان عمر کے کم از کم ایک رشتہ دار کا نام بھی شامل ہے۔
تحقیقات سے واقف ایک شخص کے مطابق حکام کی ممکنہ کوشش الہان عمر کی امریکی شہریت منسوخ کرکے انہیں ملک بدر کرنا ہوسکتی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی حکومت کے اعلیٰ عہدیدار اس امکان کا پہلے بھی ذکر کر چکے ہیں۔
الہان عمر نے کسی بھی غلط کام میں ملوث ہونے کی تردید کرتے ہوئے چھاپے کو سیاسی دباؤ ڈالنے کی کوشش قرار دیا ہے۔ وہ 2019 سے ریاست منی سوٹا کے ایک انتخابی حلقے کی نمائندگی کر رہی ہیں اور آئندہ انتخابات میں اپنی نشست برقرار رکھنے کے لیے امیدوار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: فضل الرحمان کے بیان سے مایوسی ہوئی، ان کے بغیر بھی حکومت چلے گی،گورنر کے پی
امریکی محکمہ انصاف کے ترجمان نے تحقیقات پر براہ راست تبصرہ کرنے سے گریز کیا، تاہم بیان میں کہا گیا کہ امریکی شہریت قانونی اور دیانت دارانہ طریقے سے حاصل کی جانی چاہیے اور جہاں شواہد موجود ہوں، وہاں شہریت منسوخ کرنے کے معاملات کی تحقیقات کی جائیں گی۔
سابق امریکی امیگریشن حکام کے مطابق شہریت منسوخ کرنے کی تحقیقات ماضی میں بہت کم ہوتی رہی ہیں، جبکہ ایسے معاملے میں عدالتی وارنٹ کے ذریعے گھر کی تلاشی لینا غیر معمولی اقدام ہے۔ سابق حکام کا کہنا ہے کہ ماضی میں اس نوعیت کے مقدمات زیادہ تر سنگین بین الاقوامی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں یا انتہائی سنگین جرائم سے متعلق رہے ہیں۔





