لاہور ( پاک ترک نیوز) پاکستان سپر لیگ کا میلہ اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ جاری ہے ۔ پی ایس ایل 11میں آج لاہور قلندرز کا جوڑ ملتان سلطانز سے پڑے گا ۔
تفصیلات کےمطابق پاکستان سپر لیگ میں آج لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز میں پنجہ آزمائی ہو گی ۔ ملتان سطانز کی پوائنٹس ٹیبل پر چار پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن ہے۔
لاہور قلندرز کیلئے یہ میچ انتہائی اہمیت کا حامل ہے وہ پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں پوزیشن پر موجود ہے۔
دوسری جانب پاکستان سپر لیگ میں بڑا تنازع! ٹیکنیکل کمیٹی نے فخر زمان کی اپیل مسترد کر دی، جس کے بعد لاہور قلندرز کو اہم مرحلے پر بڑا نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔
پاکستان سپر لیگ میں ایک اہم موڑ اس وقت آیا جب ٹیکنیکل کمیٹی نے لاہور قلندرز کے جارح مزاج اوپنر فخر زمان کی اپیل کو رد کر دیا۔
گزشتہ دنوں لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے میچ کے دوران میچ ریفری روشن ماہنامہ نے گیند کی حالت تبدیل کرنے پر فخر زمان پر 2 میچز کی پابندی عائد کی تھی۔فخر زمان کو لیول تھری افینس کے تحت کارروائی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔جس کے بعد فخرزمان نے میچ ریفری کے فیصلے پر پی ایس ایل ٹیکنیکل کمیٹی کو اپیل کی تھی۔تاہم پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل ٹیکنیکل کمیٹی نے فخر زمان کی اپیل مسترد کر دی ہے اور میچ ریفری روشن ماہنامہ کا فیصلہ برقرار ہے۔
پی سی بی کے مطابق 3 رکنی ٹیکنیکل کمیٹی نے اپیل کی سماعت کی اور فریقین کا مؤقف سنا۔ پروفیسر جاوید ملک ڈاکٹر ممریز نقشبندی اور سید علی نقی نے اپیل کی سماعت کی۔ یہ فیصلہ ایسے وقت میں آیا ہے جب لاہور قلندرز پہلے ہی دباؤ کا شکار ہے، اور فخر زمان جیسے اہم کھلاڑی کے معاملے پر اپیل مسترد ہونا ٹیم کی حکمت عملی کو متاثر کر سکتا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ فیصلہ لاہور قلندرز کے لیے بڑا دھچکا ہے، کیونکہ فخر زمان نہ صرف ایک میچ ونر ہیں بلکہ ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ کی ریڑھ کی ہڈی بھی سمجھے جاتے ہیں۔شائقین کرکٹ میں بھی اس فیصلے پر ملا جلا ردعمل سامنے آ رہا ہے، کچھ اسے قواعد کے مطابق قرار دے رہے ہیں جبکہ کچھ اسے ٹیم کے ساتھ ناانصافی سمجھ رہے ہیں۔
کیا لاہور قلندرز اس دباؤ سے نکل پائے گی؟ اور کیا یہ فیصلہ ٹیم کی پلے آف دوڑ کو متاثر کرے گا؟ سوالات بہت ہیں، جواب آنے والے میچز دیں گے۔












