اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) اسلام آباد میں طالبہ لائبہ خودکشی کیس کا زیرِ حراست مرکزی ملزم نعمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔ ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ملزم کو نشاندہی پر برآمدگی کے لیے لے جایا جا رہا تھا کہ تھانہ رمنا کی حدود میں دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار ملزمان نے اسے چھڑوانے کے لیے پولیس پر فائرنگ کردی۔پولیس ترجمان کے مطابق فائرنگ کے دوران ملزم نعمان اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر ہلاک ہوگیا، جبکہ واقعے کے بعد دیگر ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:ملتان میں بچے کو گاڑی تلے کچل کر قتل کرنے والا ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک
پولیس کے مطابق ملزم نعمان نے طالبہ لائبہ کو امریکہ کی ایک جامعہ میں داخلہ اور وظیفہ دلوانے کے نام پر 93 لاکھ روپے وصول کیے تھے۔ مبینہ فراڈ کے باعث ذہنی اذیت کا شکار لائبہ نے 9 اکتوبر کو گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کرلی تھی۔ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ملزم نعمان نے دورانِ تفتیش مزید 9 افراد سے لاکھوں روپے کے فراڈ کا اعتراف بھی کیا تھا۔












