اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) وزیراعظم نے بلوچستان کے اضلاع قلات اور گوادر میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائیوں میں چار دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔وزیراعظم نے پسنی میں دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد کے دھماکے میں شہید ہونے والے 34 سالہ میجر وجاہت وحید کو بھی زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ میجر وجاہت وحید نے وطنِ عزیز کے دفاع اور حفاظت کے لیے اپنی جان قربان کی۔ قوم کو اپنے اس بہادر سپوت پر فخر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب کی ممکنہ فوجی مدد، مصری پارلیمنٹ کا اہم اجلاس آج ہوگا
وزیراعظم نے شہید میجر کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی۔وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اپیکس کمیٹی کے وژن عزمِ استحکام کے تحت غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔












